شہر قائد میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ

جامعہ کراچی اور انٹر بورڈ کراچی نے تین روز تک امتحانات ملتوی کردیئے ، قیامت خیز گرمی سے لوگ بلبلا اٹھے

پیر 21 مئی 2018 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) شہر قائد میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہی۔کراچی میں شدید گرمی کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا اور درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔ شہریوں کو پیر کو بھی چلچلاتی دھوپ اورگرم ہواں کا سامنا رہا۔ گزشتہ روزکی طرح پیر کو بھی سمندری ہوائیں بند رہیں۔

دن بھرشمال کی جانب سے 10 کلومیٹرکی رفتارسے گرم اورخشک ہوائیں چلتی رہیں۔

(جاری ہے)

ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم ہونے سے شہرہیٹ ویوسے محفوظ رہا تاہم شدید گرمی کی لہر مزید دوسے تین روزجاری رہے گی۔دوسری جانب شدید گرمی کے باعث اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے 21 سے 23 مئی تک ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے جبکہ جامعہ کراچی کے رجسٹرار کے اعلامیے کے مطابق شہر میں ہیٹ ویوکے پیش نظر22 تا 24 مئی2018 ء کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روزشہرقائد میں جھلسا دینے والی گرمی نے روزے داروں کونڈھال کردیا تھا جب کہ پارہ 44 ڈگری تک جاپہنچنے سے قیامت خیز گرمی کے باعث لوگ بلبلا اٹھے تھے۔

متعلقہ عنوان :