جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک دنیا کو دھمکا رہے ہیں: تر ک صدر

اگر ہم انصاف کی بات کریںتو یہ مما لک ہمیں خطرہ قرار دیتے ہیں ،اپنے لیے درست دوسرو ں کے لیے ممنو ع کی روش تبدیل کر نی ہو گی ،مشرق وسطیٰ کو تمام طرح کے جوہری ہتھیار سے پاک کرنا ہوگا،رجب طیب اردگا ن

منگل 22 مئی 2018 16:58

استنبو ل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردگا ن نے جوہری ہتھیار کے حامل ممالک پر الزام لگایا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انھوں نے امریکہ کو ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔انھوں نے افطار کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'جن ممالک کے پاس 15 ہزار سے زائد جوہری ہتھیار ہیں وہ اس وقت دنیا کو دھمکا رہے ہیں۔

'ان کا اشارہ دنیا بھر کے مجموعی جوہری ہتھیاروں کی جانب تھا جس میں سے زیادہ تر امریکہ اور روس کے پاس ہیں۔بظاہر ایران جیسے ممالک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'جوہری ہتھیار سے لیس ممالک انھیں کیوں دھمکا رہے ہیں۔': 'اگر ہم انصاف کی بات کریں اور منصفانہ رویہ اختیار کریں تو جوہری ہتھیار سے لیس ممالک کا یہ کہنا کہ جوہری پاور سٹیشن خطرہ ہیں تو ان کا بین الاقوامی برادری کے سامنے کوئی اعتبار نہیں رہ جاتا۔

(جاری ہے)

' صدر اردگا ن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو تمام طرح کے جوہری ہتھیار سے پاک کرنا ہوگا۔ بظاہر ان کا اشارہ اسرائیل کی جانب تھا کیونکہ اس علاقے میں یہی وہ واحد ملک ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔صدر اردگا ن نے کہا 'جہاں تک ترکی کا سوال ہے ہم ایران کے جوہری معاہدے جسے سلا دیا گیا ہے سمیت دوسرے مسائل کو پھر سے بھڑکانا نہیں چاہتے۔ امریکی انتظامیہ کے فیصلے کے باوجود مثبت بات یہ ہے کہ معاہدے کے دوسرے دستخط کنندگان اس معاہدے کا پاس رکھ رہے ہیں۔'