اسلام آباد ،ْانتظامیہ کا حفظان صحت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 11فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش، 35 کو نوٹس

منگل 22 مئی 2018 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے حفظان صحت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 11فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش اور35کو نوٹس جاری کئے، 70پیکٹس ون ٹو ون گٹکا، پچاس لیٹر ناقص کیچ اپ اور 100گندے برتن ضبط کر لئے اور فوڈ ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے۔ منگل کو ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق ناقص اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف مہم جاری ہے ۔

فوڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی انسپکشن ٹیموں نے حفظان صحت اور فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں کو 35نوٹس جاری کئے۔ ٹیموں نے کل 107فوڈ آوٹ لیٹس کی انسپکشن کی ہے اور ہائی جین اور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر11فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش کئے ہیں۔

(جاری ہے)

حفظان صحت اصولوں کی خلاف ورزی پر 35ہوٹلوں ریسٹورنٹس کو نوٹس جاری کئے ہیں ۔ چیکنگ کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے 28نمونہ جات تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام فوڈ آوٹ لیٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفظان صحت کے قوانین کی پابندی کریں اور صفائی کے انتظامات اور اشیاء خوردونوش کی کوالٹی یقینی بنائیں، ورکرز کی باقاعدہ ویکسی نیشن کرائی جائے ورنہ فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔ ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر احمد نے ڈرگ آوٹ لیٹس کی چھ انسپکشن کیںاور دو ادویات کے نمونہ جات تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھیجے ہیں ۔ انھوں نے ڈرگ آوٹ لیٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرگ قوانین کی پابندی یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :