افراد باہم معذوری کے مسائل حل کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

منگل 22 مئی 2018 18:17

مظفرگڑھ۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ افراد باہم معذوری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت کی پالیسی کے مطابق ملازمت میں 3فی صد کوٹے کے تحت تمام سرکاری و پرائیویٹ اداروں میں افراد باہم معذوری کی ملازمت کو یقینی بنایا گیا ہے ، اب ضلع کے متعدد محکموں میں افراد باہم معذوری اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، یہ بات انہوں نے افراد باہم معذوری کے مسائل کے حل کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صفدر حسین وڑائچ، پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سکول ضیاء الرحمن، پروجیک منیجر دوآبہ فائونڈیشن جاوید اقبال، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر دوآبہ فائونڈیشن محمد بلال اور افراد باہم معذوری کے نمائندگان الطاف احمد اور نعیم بیگ نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق ضلع میں افراد باہم معذوری کوسفری کارڈ جاری کئے جائیں گے جس پر ان کو50فیصد رعایت حاصل ہوگی، اس سلسلے میں انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صفدر حسین وڑائچ کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد افراد باہم معذوری کی رجسٹریشن کی جائے اور فوری طور پر ان کو کارڈ جاری کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ بیت المال سے افراد باہم معذوری کو چیک بھی رواں ماہ میں ادا کئے جائیں،اجلاس میں نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگ میں کام کرنے والے افراد باہم معذوری کی بند تنخواہ جلد سے جلد جاری کرانے کا بھی وعدہ کیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے دوآبہ فائونڈیشن کو ضلع میں افراد باہم معذوری کا ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے سروے کرانے کی ہدایت بھی کی، تاکہ مستقبل میں پلاننگ کے دوران اس ریکارڈ سے مدد لی جاسکے، افراد باہم معذوری کیلئے منصوبہ بندی کی جائے اور اس کے لئے بجٹ مختص کیا جائے سکے، انہوں نے سروے کیلئے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے معاونت کی بھی یقین دہانی کرائی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جو افراد باہم معذوری مختلف ہنر سیکھنا چاہتے ہیںان کی رجسٹریشن کی جائے تاکہ ان کو لاہور میں قائم سپیشل اداروں میں ان کا داخلہ کرایا جاسکے جہاں رہائش و طعام کی سہولت کی ساتھ ساتھ وظائف بھی دئیے جاتے ہیں۔