Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کردیا ہے ،شکیل خان

اب کسی کو ایزی لوڈ نہیں ہوتا، نوکریاں نہیں بکتی اور نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتا ہے،مشیروزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 22 مئی 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بہبود آبادی شکیل خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے سے فرسودہ سیاست کا خاتمہ کردیا ہے ، صوبے میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب کسی کو ایزی لوڈ نہیں ہوتا، نوکریاں نہیں بکتی اور نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیا ست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیاہے۔

لوگوں کو کام پیسوں اور سفارشوں کے بل بوتے پر نہیں بلکہ شفاف نظام اور میرٹ کی پالیسی کے تحت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شکیل احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کو بااختیار بنانے اور حکومت کو روزمرہ کی بنیاد پر جواب دہ بنانے کیلئے معلومات تک رسائی کے قانون سمیت کئی ایک ایسے قوانین لاگو کئے جن کے تحت عام شہری بھی یہ جان سکے گاکہ سرکاری سطح پر عوامی وسائل کا استعمال کس طرح کیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی پرعوام کاحق ہے کہ سرکاری خزانہ حکمرانوں کی نہیں بلکہ عوام کی ملکیت ہے اور عوام کو ان کے وسائل کے استعمال اور خزانے کی ایک ایک پائی کے خرچ سے متعلق تمام ترمعلومات ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کو صرف عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہی استعمال میں لانا چاہیئے ۔صرف بلند و بالا عمارتیں یا سڑکوں کی تعمیر سے ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کے بنیاد ی حقوق اور انصاف فراہم کرنے سے ہی کوئی بھی معاشرہ یا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتاہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات