Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں سینئیر رہنما آمنے سامنے

رائے حسن نواز کے معاملے پر شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں تلخ جملوں کا تبادلہ ،عمران خان کو مداخلت کرنا پڑی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 22 مئی 2018 19:29

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں سینئیر رہنما آمنے سامنے
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مئی 2018ء) :پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں سینئیر رہنما آمنے سامنے آ گئے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نااہل کئیے گئے رائے حسن نواز کے معاملے پر شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہو ا ،سربراہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو مداخلت کرنا پڑی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں شاہ محمود قریشی ، شیرین مزاری ،جہانگیر ترین ،اسد عمر اور دیگر مرکزی رہنماوں نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں اہم معاملات زیر بحث آئے ہیں۔اس حوالے سے ترجمان تحریک انصاف نے اجلاس کی کاروائی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا ہے کہ نگران حکومت سے متعلق شاہ محمود قریشی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ہے جس میں اس بات پر اتفاق ظاہر کیا گیا ہے کہ جسٹس(ر)تصدق حسین جیلانی،ڈاکٹرعشرت حسین ،عبدالرزاق داؤد بہترین انتخاب ہیں اور ان تینوں ناموں میں سےکسی ایک کونگراں وزیراعظم مقررکیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتخابات میں ٹکٹوں کے اجرا کے لئیے پارلیمانی بورڈ کےاجلاس کی فوری طلبی پراتفاق ہوا ہے۔اجلاس میں خیبرپختونخوامیں تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کاخصوصی جائزہ لیا گیا اور تحریک انصاف نے پرویزخٹک اوران کی کابینہ کوخصوصی خراج تحسین پیش کیا جبکہ پنجاب حکومت کے خلاف وائٹ پیپر شائع کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔اس دوران ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں سینئیر رہنما آمنے سامنے آ گئے۔

بات الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کئیے گئے رائے حسن نواز بھی اجلاس میں شریک تھے جس پر شاہ محمود قریشی نے انکی موجودگی پر اعتراض کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد رائے حسن نواز پارٹی عہدے اور اجلاس میں شرکت کے مجاز نہیں رہے ہیں جس پر جہانگیر ترین نے مداخلت کی ۔اس پر جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی آپس میں جھگڑ پڑے اور دونوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مداخلت کرنی پڑی اور دونوں رہنماوں میں معاملہ ٹھنڈا ہوا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل ہونے کے بعد عمران خان نے رائے حسن نواز کو پارلیمانی بورڈ سے ہٹانے کا اعلان کیا۔اس پرجہانگیر ترین نے کہا اگر پارٹی نے یہ فیصلہ کیا تو وہ گھر چلے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات