ْ آپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ فیز فور کے 16ہزار مکانات کا کینسل ہونے والا سروے بحال

بدھ 23 مئی 2018 20:38

جنوبی وزیرستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ فیز فور کے 16ہزار مکانات کا کینسل ہونے والا سروے بحال کردیاگیا ۔سروے کی بحالی کے لئے جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے عمائدین نے گورنر ،کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلی حکومتی حکام کو خط لکھ کر اپیل کی تھی۔سرکاری زرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے اپریشن راہ نجات کے دوران تباہ شدہ مکانات کے فیز فور کی16ہزار مکانات کا سروے کمشنر ڈیرہ اسمعیل خا ن نے سات مئی کو کینسل کیا تھا ۔

(جاری ہے)

جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے عمائدین نے سروے کینسل کرانے کے خلاف خط لکھ کر گورنر کے پی کے اقبال ظفرجھگڑااور کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نزیراحمد بٹ سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ کینسل ہونے والا سروے بحال کردیں۔جس پر بدھ کے دن پشاور میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اس اجلاس میں کینسل ہونے والا سروے بحال کردیا گیا ۔جنوبی وزیرستان کے محسود اور برکی قبائل کے عمائدین نے سروے کی بحالی پر گور نر اور کورکمانڈر پشاور کے علاوہ اے سی ایس فاٹااور جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انھوں نے غریب قبائلیوں کے زخموں پر مرہم پٹی رکھ دی ہے۔