الیکشن برائے الیکشن کے نتیجہ میں وہی کرپٹ مافیا دوبارہ اقتدار پر مسلط ہو جاتاہے ، صدر متحدہ مجلس عمل ضلع بہاولپور

بدھ 23 مئی 2018 22:55

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) صدرمتحدہ مجلس عمل ضلع بہاول پورڈاکٹر محمد اشرف،جنرل سیکرٹری علامہ شفقت الرحمن نے کہاکہ الیکشن برائے الیکشن کے نتیجہ میں وہی کرپٹ مافیا دوبارہ اقتدار پر مسلط ہو جاتاہے اس لیے الیکشن کمیشن کو انتخابی نظام کی کمزوریوں کو دور کرنا اور دولت کے بل بوتے پر انتخابی عمل کو یرغمال بنانے والوں کا راستہ روکنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات غلامان مصطفی اور غلامان امریکہ کے درمیان ہو ںگے۔ جو لوگ اسلامی نظام کی مخالفت کر رہے ہیں، وہ امریکی ایجنڈے پر کاربند ہیں اس لیے عوام کو اپنے خیر خواہوں کا ساتھ دینا ہوگا اور ایسے لوگوں کو اٹھا کر جیل میں بند کرناہوگا جو ملک کے نظریے کے ساتھ بے وفائی کر رہے ہیں اور اسے قائداعظم کے وژن کی بجائے سیکولر اور لبرل بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کے وسائل پر استعماری قوتوں کا قبضہ ہے یہ قبضہ اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک کوئی غیرتمند مسلم حکمران اٹھ کر ان شیطانی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے کے پاس تعلیم، صحت، معیشت اور روزگار کا ایک مکمل پروگرام ہے ہم انشائاللہ قوم کو نہ صرف عالمی برادری میں ایک باوقار مقام دلائیں گے بلکہ ان استعماری قوتوں کا راستہ روک کر اسلام کی روشنی سے دنیا کومنور اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔