پشاور سمیت ملک بھرمیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حکومتی دعوئوںکی قلعی کھول دی ہے، صابرحسین اعوان

بدھ 23 مئی 2018 23:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور و سابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں پشاور سمیت ملک بھرمیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حکومتی دعوئوںکی قلعی کھول دی ہے،حکمرانوں نے رمضان المبارک میں سحروافطار اور نمازتراویح کے اوقات میں ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کابلندو بانگ دعویٰ کیاتھا مگر نمازتراویح کے دوران بجلی کی گھنٹوں بندش اس بات کاثبوت ہے کہ حکمرانوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے جھوٹے ہیں۔

انہوں نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کابابرکت مہینہ ہمارے اوپرسایہ فگن ہے،اس ماہ مقدس میں لوگوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی جانی چاہئے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے آزاد ہوکر اللہ کی عبادت کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ رمضان المبارک میں بھی کی جارہی ہے۔رہی سہی کسر بریک ڈائون نے پوری کردی ہے۔مئی کے مہینے میںتیسری بار بڑابریک ڈائون تشویش ناک ہے۔

مرمت کے نام پر لوڈشیڈنگ کرنامعمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔عوام کو نہ بجلی میسر ہے اور نہ ہی پانی دستیاب ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت روزہ داروں کوسہولیات فراہم کرے۔انہیں سحروافطار اورتروایح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی دستیابی کویقینی بنائے تاکہ عوام ماہ صیام کی نعمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔