ایم پی اے محمدعلی شاہ کی قیادت میں ملاکنڈکے تاجرومشران کی پیسکوچیف سے ملاقات

جمعرات 24 مئی 2018 18:24

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ملاکنڈ میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے پی پی پی کے ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد علی شاہ باچہ کی قیادت میں سخاکوٹ ملاکنڈ کے ٹریڈ یونین عہدیداروں ،منتخب ممبران اور علاقائی مشران کی وفد نے چیف پیسکو اور چیف آپریشن واپڈا سے ملاقات کی ۔ وفد میں متحدہ ٹریڈ یونین کے صدر حمید خان لالا ، اولسی تحریک کے مکرم خان صبا، جمعیت علماء اسلام ملاکنڈ کے ضلعی سینئر نائب آمیر مولانا شمس الحق ، ضلعی کونسلران حاجی اکرم خان ، حاجی محمد طیب ، فضل حق خان ، سہیل احمد، فضل خالق لالا ، حاجی صبر صادق اور دیگر مشران شامل تھے ۔

اس موقع پر وفد کے شرکاء نے واپڈا حکام کو ملاکنڈ میں طویل لوڈشیڈنگ اور پرمٹ کے نام پر سارا سارا دن بجلی بند رکھنے سے متعلق عوامی تشویش سے آگاہ کیا جس پر واپڈا حکام نے وفد کو یقین دلایا کہ ملاکنڈ میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائیگی اور بیس دن کے اندر اندر بٹ خیلہ فیڈر چالو ہو جائیگا جس سے بجلی کی قلت ختم ہو کر ملاکنڈ میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا ۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ ملاکند میں واپڈا آفیسران چوبیس گھنٹے ڈیوٹی کرکے مجھے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کرینگے اور بلا جواز اور خودساختہ لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہو گی اور جس فیڈر پر فالٹ آئیگا وہاں پر شیڈول کا لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہو گا ۔ واپڈا حکام نے وفد کو بتایا کہ ہم اب بھی چوبیس گھنٹے بجلی دے سکتے ہیں لیکن وولٹیج کم ہو گی جس سے دیگر مسائل پیدا ہونگے اس لئے فُل وولٹیج فراہم کرنے کے لئے عوام بٹ خیلہ فیڈر کے تکمیل تک ہمارے ساتھ تعاون کریں وفد میں شریک مشران نے واپڈا حکام کے وعدے اور یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔