ْرمضان المبارک رحمتوں کی برسات اور دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ ہے، علامہ پیر منظور احمد شاہ

جمعرات 24 مئی 2018 21:15

ساہیوال۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) جامعہ فریدیہ ساہیوال کے بانی وشیخ الحدیث علامہ پیر ابوالنصر منظور احمد شاہ نے کہاہے کہ رمضان المبارک رحمتوں کی برسات اور دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ ہے ، یہ ماہ مقدس نیکیوں کا موسم بہار بھی ہے اور اپنے دامن میں اللہ کی رحمت ، مغفرت کی نوید ، جہنم سے نجات ، جنت کی بشارت ،خوشنودی خداوندی اور رسول اللہ ﷺ کی نظر رحمت کے حصول کو لئے ہوئے ہے ۔

سرچشمہ ہدایت قرآن کا نزول ، فتح مکہ کی نعمت ، غزوئہ بدر میں نصرت خداوندی جیسے عظیم تحائف اسی ماہ میں عطا ہوئے ۔ جامعہ فریدیہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عالم اسلام زبوں حالی کا شکار ہے مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی کو چاہئے فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت اور مظالم کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

آخر کار شام‘ برما چیچنیا‘ صومالیہ اور کشمیر سمیت صرف مسلمان ہی ظلم کا شکار کیوں ہیں در اصل اسلام دشمن طاقتیں مسلم ریاستوں کا شیرازہ بکھیرنے کے درپے ہیں۔مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ عالم کفر کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اُمت مسلمہ کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کریں ۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ سحری افطاری کے وقت جہاں اپنے گناہوں کی معافی‘ بیماریوں سے نجات ‘ ملکی استحکام اور بہتری کیلئے دعا کریں وہاں فلسطین ‘ شام ‘برما‘ صومالیہ اور کشمیر سمیت دنیا کے مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھیں ۔