عوامی شکایات کے ازالے اور موثر قانونی کارروائی کیلئے ’’کوآپریٹوسہولت مراکز‘‘ قائم کر دیئے گئے ہیں، ذوالفقار علی گھمن

جمعرات 24 مئی 2018 21:24

راولپنڈی 24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) رجسٹرار کو آپریٹوز پنجاب ذوالفقار علی گھمن نے کہاہے کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز ، زرعی قرضہ جات سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے اور موثر قانونی کارروائی کیلئے محکمہ امدادباہمی نے ’’کوآپریٹوسہولت مراکز‘‘ قائم کر دیئے ہیں جہاں ون ونڈو آپریشن کے تحت عوامی شکایات کا ازالہ کرکے بلا تاخیر انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

انہوںنے یہ بات محکمہ امداد باہمی راولپنڈی میں ’’ سہولت مرکز‘‘ کے افتتاح کے موقع پر کہی ۔ افتتاحی تقریب میں جوائنٹ رجسٹرار کو آپریٹوز حامدعلی شہزاد ہاشمی ، ڈپٹی رجسٹرار محمد اعجاز خان ،چوہدری حسن عباس، سرکل رجسٹرار محمد اصغر اعوان ، محمد سرفراز خان، رانا دلنواز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

رجسٹرار کو آپریٹو پنجاب ذوالفقار علی گھمن نے کہاکہ پنجاب بھر میں ’’کو آپریٹوز سہولت مراکز ‘‘ قائم کئے جا رہے ہیں جہاں شکایات کنندگان کی شکایات پر کارروائی کے بعد ترجیحی بنیادوں پران کے مسائل حل کرکے متاثرہ افراد کو ریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ امداد باہمی میں آٹومیشن کا عمل جاری ہے اور اعدادو شمار مرتب کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی روشنی میں کو آپریٹوز ڈیپارٹمنٹ زیادہ موثر انداز میں ہاوسنگ سوسائٹیز سے متعلق ممبر ان کی شکایات دور کرنے میں اہم کردار ادا کر سکے اور اس کے ساتھ ساتھ ہاوسنگ سوسائٹی انتظامیہ کو بھی کو آپریٹو ایکٹ اور قوائد و ضوابط سے روشناس کرانے کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا سکے۔

رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ذوالفقار علی گھمن نے کہاکہ محکمہ امداد باہمی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت ضلعی سطح پر جوائنٹ رجسٹرار کو آپریٹوز کی تقرری کی جا رہی ہے جس کا مقصد محکمہ سے متعلق امور کی بطر یق احسن انجام دہی اور شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ امدادباہمی کے توسط سے کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کی مینجمنٹ کو فعال کرنے ،ہاوسنگ سیکٹر کی شفافیت کے لئے کو آپریٹو ایمپلائز ہاوسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کا تربیتی پروگرام بھی تیار کر لیا گیا ہے اور ٹریننگ ماڈیولز مرتب کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں لاہور سے تربیتی عمل کا آغاز کیا جائے گا اس کے بعد دیگر ڈویژنوں میں بھی کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بعد ازاں ذوالفقار علی گھمن نے جوائنٹ رجسٹرار کو آپریٹو ز راولپنڈ ی کے دفتر میں قائم کئے گئے سہولت مرکز کا افتتاح کیا اور ا س موقع پر شکایت کنندگان کے لئے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ شکایت کنندگان کے لئے سہولت مرکز میں ایئرکنڈیشنڈ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ myk/mik/msc1824

متعلقہ عنوان :