رمضان المبارک ہمیں درس دیتا ہے کہ انسانوں کے ساتھ محبت اور ایثار کا رویہ رکھا جائی ، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور

جمعرات 24 مئی 2018 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وڈپٹی جنر ل سیکرٹری ایم ایم اے پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں درس دیتا ہے کہ انسانوں کے ساتھ محبت اور ایثار کا رویہ رکھا جائے ۔رمضان ہمیں جدوجہد کرنے کا درس دیتا ہے ۔رمضان قرآن کامہینہ ہے اور قرآن کو تھام کر ہی ہم اپنی دنیا او آخر ت دونوں سنوار سکتے ہیں ۔

پاکستان ایک خطہ زمین نہیں بلکہ ایک نظریہ اور عقیدہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو بے شمار نعمتوں سے نوازا مگر ہم نے اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل نہیں کیا اور بدعملی کی وجہ سے ہم مسائل اور مصائب کا شکار ہیں ۔ بے روزگاری ، بھوک اور بدامنی کی وجہ مسائل کی کمی نہیں بلکہ یہاں عدل و انصاف کا نہ ہونا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک کے اندر اللہ تعالی ٰ کے نظام اور عد ل و انصاف کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے ۔

وہ پی کے 73 میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے ۔ عتیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک میں بڑی قوت اور حقیقی متبادل بن کر سامنے آیا ہے ۔ 2018کے انتخابات میں منبر و محراب والے لادین اور سیکولر قوتوں کے آلہ کاروں کو شکست دیکر ملک میں خلافت کا بابرکت نظام نافذ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں کرپشن کا ناسور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہے جس نے عوام کو غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری ،بدامنی اور لوڈ شیڈنگ کے تحفے دیئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت ہوگی تو ملک سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ ہوگا بلکہ حق دار کو ان کا حق ان کے دہلیز پر ملے گا۔