اسلام آباد ہائی کورٹ نے حساس ادارے کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سڑک بند کرنے پر سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

جمعرات 24 مئی 2018 23:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حساس ادارے کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سڑک بند کرنے پر سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ سیکرٹری دفاع 22جون کو پیش ہو کر وضاحت کریں کہ کنٹونمنٹ ایریا نہ ہونے کے باوجود کس قانون کے تحت تجاوزات قائم کیں ۔عدالت نے ایف آئی اے کے دفتر کے باہر سے بھی تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے تجاوزات اور رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ سی ڈی اے وضاحت کرے کہ اس نے سڑک اور تجاوزات پر کیوں سرینڈر کیا ۔ڈی سی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے اور طے کردہ شیڈول کے مطابق اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔سی ڈی اے نے رہائشی علاقوں میں ٹی وی چینلز کے دفاتر کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی جس کے مطابق 20 میں سے 5 میڈیا ہائوسز نے رہائشی علاقوں سے تجارتی سرگرمیاں ختم کر کے اپنے دفاتر منتقل کر لیے ہیں، 15 میڈیا ہاوسز کو گھروں سے دفاتر ختم کرنے کے نوٹس جاری کر دیے، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔