"اسرائیل کو 12 منٹ میں تباہ کر دیں گے" چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے منسوب سوشل میڈیا پر چلنے والے بیان کی حقیقت سامنے آگئی

muhammad ali محمد علی جمعرات مئی 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) ""اسرائیل کو 12 منٹ میں تباہ کر دیں گے" چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے منسوب سوشل میڈیا پر چلنے والے بیان کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی ہے جس نے خاصی ہلچل مچائی ہے۔ سوشل میڈیا پر چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات سے منسوب ایک خبر چل رہی ہے۔

خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو 12 منٹس کے اندر تباہ کر سکتا ہے۔ تاہم کئی روز سے گردش کر رہی اس خبر کی اصل حقیقت اب سامنے آگئی ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات سے منسوب سوشل میڈیا پر چل رہا بیان سراسر بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کو 12 منٹس میں تباہ کر دینے کا بیان چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات کی جانب سے ہرگز جاری نہیں کیا گیا۔ یہ بیان جھوٹا ہے جو بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلایا جا رہا ہے۔ اس جھوٹے بیان کے ذریعے بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ہمیشہ سے اسرائیل کیخلاف اصولی موقف اپناتے ہوئے سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے۔ تاہم پاکستان نے دنیا میں امن کے قیام کیلئے اور معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے ہمیشہ سے جارحیت کا مظاہرہ کرنے سے بھی گریز کیا ہے۔ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ تمام مسائل کا حل بات چیت سے ممکن ہے۔