کراچی کی راتیں (کل) سے جگمگانے لگیں گی، 20 سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے افطار کے بعد کھلنا شروع ہو جائیں گے

جمعہ 25 مئی 2018 18:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) عروس البلاد کراچی کی راتیں (کل) بروز ہفتہ سے جگمگانے لگیں گی، شہر کے 20 سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے آج سے افطار کے بعد مکمل طور پر کھلنا شروع ہو جائیں گے، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹیں سحری تک بلاناغہ کھلی رہیں گی، حالات سازگار رہے تو رواں سال عید سیزن پر 60 ارب روپے سے زائد خریداری متوقع ہے، دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل اسلامی دنیا کے میگا سٹی کراچی کی رونقیں اپنی مثال آپ ہیں، یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے آج شہر میں عید کی روائتی سیل کے حوالے سے معروف تجارتی مراکز کے ذمے داران سے رابطے کے بعد پریس و میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 10 ویں روزے سے صدر، حیدری، طارق روڈ، بہادر آباد، کلفٹن، ڈیفنس، زمزمہ، جامع کلاتھ،جوبلی، نرسری، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ، گل پلازہ، حسن اسکوائر، گلشنِ اقبال، موتن داس مارکیٹ، لانڈھی، ملیر، گلستانِ جوہر اور دیگر علاقوں کی مارکیٹوں میں افطار کے بعد رمضان المبارک کی روائتی خریداری مکمل طور پر شروع ہوجائیگی اور شہریوں کو عید کی خریداری اور تفریح کے بھرپور مواقع میّسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز میں نظم و نسق اور کاروباری سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھنے کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، پتھاروں اور تجاوزات کی روک تھام، ڈاکوئوں، لٹیروں، چوروں اور جیب کتروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مئوثر کارکردگی، ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کی سہولت کے تحت موثر پلاننگ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کے ذمہ داران سے بھی درخواست کی ہے کہ عید الفطر تک بینکوں کی ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات ختم اور اے ٹی ایم مشینوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھی جائے۔

عتیق میر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی خراب صورتحال اور مارکیٹوں میں رش کے پیش نظر رمضان المبارک کے آخری عشرے کے بجائے دوسرے عشرے میں ہی عید کی خریداری مکمل کرلی جائے۔ انہوں نے تاجر برادری کے جذبے کو مستحسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور خریداروں کی سہولت کیلئے رمضان المبارک میں رات میں کاروبار اور عوام کی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے تاجر برادری پُرعزم ہے اب حکومتِ سندھ اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں امن و امان کے قیام اور انتظامی معاملات میں بہتری کیلئے بھرپور، ٹھوس اور موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے تاجر برادری سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خریداروں کی خوشیوں اور سہولتوں کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اور مہنگائی سے متاثرہ اور قوتِ خرید سے محروم عوام کیلئے مصنوعات کی قیمتوں میں خصوصی رعایتوں کا اعلان کیا جائے اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں اور ان کے بچوں کو عید الفطر کی خوشیاں منانے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔