چین نے پاکستان کے مالی خسارے کو قابو میں کرنے کیلئے 1.6ارب ڈالرز کی رقم فراہم کردی

چین کی جانب سے فراہم کردہ رقم سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 25 مئی 2018 22:01

چین نے پاکستان کے مالی خسارے کو قابو میں کرنے کیلئے 1.6ارب ڈالرز کی رقم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) چین نے پاکستان کے مالی خسارے کو قابو میں کرنے کیلئے 1.6ارب ڈالرز کی رقم فراہم کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ وفاقی حکومت کی مدت ختم ہونے میں صرف چند روز باقی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے دعوی کیا جاتا رہا ہے کہ گزشتہ 5 برس کے دوران ملک کی معیشت نے خوب ترقی کی ہے۔ جبکہ اس دوران پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

تاہم مسلم لیگ ن کے دعووں کے برعکس، ملک کے زرمبادلہ ذخائر اس وقت خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں۔ گزشتہ کچھ ماہ کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی باعث پاکستان کے مالی معاملات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے میں ایک مرتبہ پھر چین نے پاکستان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چین نے ایک بہترین دوست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان کو بڑی رقم فراہم کردی ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان کو مالی خسارے کو قابو میں کرنے کیلئے 1.6ارب ڈالرز کی رقم فراہم کردی گئی ہے۔ چین کی جانب سے فراہم کردہ رقم سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان دونوں ممالک کی کرنسی کی لین دین سے متعلق بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کی لین دین کیلئے تین سال کا معاہدہ طے پایا ہے۔

چینی مرکزی بینک نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کے ساتھ کرنسی کے ذریعے دوطرفہ لین دین کے تین سالہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ رائٹر کے مطابق اس لین دین کی مالیت 20ارب یوآن (3.13ارب امریکی ڈالر) تک ہوگی ۔ بینک نے اپنی ویب سائٹ پر یہ اطلاع جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چینی اور پاکستانی کرنسی کے ذریعے لین دین کے باعث دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔