انسدادپولیو کی حالیہ مہم کی کامیابی اجتماعی کاوشوںاورخصوصاً والدین کے بھرپورتعاون کا نتیجہ ہے‘عاطف رحمان

ہفتہ 26 مئی 2018 23:38

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر عاطف رحمان نے کہا ہے کہ انسدادپولیو کی حالیہ مہم کی کامیابی اجتماعی کاوشوںاورخصوصاً والدین کے بھرپورتعاون کا نتیجہ ہے جنہوں نے انسداد پولیو مہم سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کیا۔ ہفتہ کے روزاپنے ایک بیان میں ای او سی کوآرڈینیٹرعاطف رحمان نے کہاکہ رواں ماہ صوبہ خیبر پختونخوا کی17اضلاع پشاور،مردان،سوات،کرک،کوہاٹ،لکی مروت،چارسدہ،نوشہرہ، صوابی، ملاکنڈ، چترال، دیر اپر،دیر لوئر،بنوں،ٹانک،ڈیرہ اسماعیل خان اور ہنگو میںانسداد پولیو مہم کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچی۔

پولیو کے خاتمہ کے قومی مشن میںوالدین اور معاشرے کے تمام طبقات کی فعال شرکت اور تعاون کے نتیجہ میں اس مہم کے دوران 44لاکھ 32 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائے گئے جو مقررہ ہدف کا 99اعشاریہ 25فیصد سے بھی زائد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہی کامیاب کاوشوں کی بدولت خیبرپختونخوا کے طول و عرض میں پولیو پر قابو پایا گیا ہے جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ خیبر پختونخواکے دارالحکومت پشاور میں فروری 2016 کے بعدسے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا عاطف رحمان نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ والدین انسداد پولیو مہمات سے متعلق ہر قسم کا منفی اور گمراہ کن پراپیگنڈا مستردکررہے ہیں اور اس سے پولیو ویکسینیشن سے انکار میں نمایاں کمی آئی ہے انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین ہرحوالہ سے محفوظ اور موثر ہے اور دنیا کے تمام ممالک اسی ویکسین کے استعمال سے اپنے ہاں پولیو کا خاتمہ کرچکے ہیں ۔