کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں کو آئینی ترامیم میں مکمل تحفظ دیا جارہا ہے ،ْچوہدری طارق فاروق

اقوام متحدہ کی کشمیر پر قرار دادوں کے مطابق جو ذمہ داریاں حکومت پاکستان کی ہیں ان پر حکومت آزاد کشمیر قانون سازی نہیں کر سکتی ،ْمیڈیا سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سینئروزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں کو آئینی ترامیم میں مکمل تحفظ دیا جارہا ہے ،آئینی ترامیم کو روکا نہیں جا سکتا ہے بعض مخالفین کا خیال ہے اسکا کریڈٹ صرف وزیر اعظم فاروق حیدر کو نہ ملے تو اس میں ملک پاکستان کی ساری قومی قیادت واداروں کا کردار ہے آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں ، وکلاء ، صحافی سول سوسائٹی ، کاتب فکر شامل ہیں کشمیرکونسل بطور ’’ایڈ وائزری رول‘‘ قائم رہے گی جسکے قیام کا بنیادی مقصدحکومت پاکستان ،حکومت آزاد کشمیر کے مابین پل کا کردار ادا کرنا تھا جسکی جانب واپس آجائے گی ، ان خیالات کا اظہار چوہدری طارق فاروق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، طارق فاروق نے کہا کشمیر کونسل کا قیام نیک نیتی اورقومی ریاستی مقاصد کے تحت وجود میں آیا تھا مگر کونسل آئینی قانونی ، انتظامی ، مالیاتی ، تعمیراتی اختیارات تک پہنچ گئی جس کے باعث اس کا بنیادی مقصد پیچھے رہ گیا تھا ،اقوام متحدہ کی کشمیر پر قرار دادوں کے مطابق جو ذمہ داریاں حکومت پاکستان کی ہیں ان پر حکومت آزاد کشمیر قانون سازی نہیں کر سکتی ہے اور کچھ آئینی ترامیم پر حکومت پاکستان سے پوچھنا لازمی ہے ان سمیت تمام امور پر طریقہ کار طے ہو رہا ہے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اور حکومت کو با اختیار ہونا چاہیے جس کے متعلق اسلام آباد عدلیہ میں چلے جانا افسوس ناک عمل ہے ، اسلام آباد عدلیہ کے دائر ہ کار کا اطلاق چیئرمین کشمیر کونسل کے منصب اور کونسل و آزاد حکومت پر نہیں ہوتا ہے ، ہماری حکومت اور ریاست پاکستان کا آئینی حصہ نہیں ہے تاہم بطورحکومت پاکستان اورکابینہ فیصلے کی حد تک بات ضرور قابل پذیر ائی ہے شاید اٹارنی جنرل درست طریقے سے ترجمانی نہیں کر سکے ،مگر ٹھوس دلائل اورحقائق کو بالاد ستی حاصل ہے ،آئینی ترامیم کے ساتھ آزاد کشمیر اسمبلی اور حکومت کا چاروں صوبوں سے بڑھ کر اختیار و کردار کا راستہ کھلے گا ، جو مملکت پاکستان او رریاست جموں وکشمیر کے مقبوضہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم لپیٹے شہداء کے عظیم نعرے تیری جان میری جان پاکستان پاکستان کا پاسبان ہو گا۔

(جاری ہے)

طارق فاروق نے کہا کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں کو آئینی ترامیم میں مکمل تحفظ دیا جارہا ہے تاکہ جو ابہام موجود ہے وہ بھی ختم ہو جائے اور عدالت جانے پر راستہ بند ہو کشمیری مہاجرین ہمارے جسم و جان کا لازمی حصہ ہیں اقوامتحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری میں ان کا کردار مسلمہ ہو گا ،ان کی ایوان میں موجودگی مقبوضہ کشمیر کے علاقوں اور عوام کی نمائندگی ہے ۔