بھارت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو اپنی فورسز کو بیرکوںمیں بھیجدے اور سیاسی نظربندوں کو رہا کرے، فریڈم پارٹی، بھارت تمام فریقین کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے، سالویشن مومنٹ

اتوار 27 مئی 2018 15:30

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ اگر بھارت کے وزیر داخلہ مذاکرات کے بارے میں اپنے بیان پر سنجیدہ ہیں تو وہ مقبوضہ علاقے میں تعینات اپنی فورسز کو بیرکوںمیں بھیجدیں، تنازعہ کشمیر کے تمام فریقوں کو اعتماد میں لیں اورتمام سیاسی نظربندوں کو رہا کریں تاکہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جاسکے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل محمد عبداللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام سمجھتے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے ہی تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں لیکن مذاکراتی عمل کے کچھ لوازمات ہوتے ہیں جن کا پورا کیا جانا ناگزیر ہوتاہے تاکہ اس عمل کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نئی دلی کو چاہئے کہ لفظ --بات چیت کو محض ذرائع ابلاغ میں استعمال کرنے کے بجائے مذاکرات کو ایک ادارہ جاتی شکل دے تاکہ تنازعہ کشمیرکو ہمیشہ کیلئے حل کیا جاسکے۔

انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق یعنی کشمیری عوام سب سے زیادہ امن کے متمنی ہیں، کیونکہ مسلسل کشیدگی سے سب سے زیادہ متاثر وہی ہورہے ہیں،اس لئے ہم سمجھتے ہیںکہ مذاکرات کا مقصد دنیا کو دکھانے کے لیے محض تصویریں اتارنا نہیں بلکہ مسئلے کا حل ہونا چاہیے ۔ دریں اثناء سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کو تمام فریقین کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہیے۔

انہوںنے سرینگر میں اپنی پارٹی کے ایگزیکٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرکے ریاستی عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے جس کا اس نے کشمیریوں سے وعدہ کررکھا ہے۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کی خاطر سازگار ماحول قائم کرنے کے لیے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی اور کالے قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔