بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کرنیوالے سینئر رہنمائوں نے الیکشن لڑنے کی تیاریاں شروع کردی

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی (ابا ) کے سینئر رہنمائوں جن کا تعلق مسلم لیگ (ن) ،مسلم لیگ ق سے تھا انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی (ابا ) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اب انتخابات میں وہ یا تو آزاد امیدوار کی حیثیت سے یا اپنے اپنے سابقہ پارٹیوں کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کی تیاریاں کررہے ہیں ،’’این این آئی ‘‘ نے اس سلسلے میں بلوچستان کے مخلوط حکومت میں شامل مسلم لیگ ق ،مسلم لیگ (ن) کے سابقہ عہدیداروں اور موجودہ عہدیداروں سے رابطہ قائم کیا کہ وہ 25جولائی کو ہونیوالے الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے یا آزاد امیدوار یا اپنی سابقہ پارٹیوں کے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہاکہ وقت آنے پر فیصلہ کریں گے کہ ہم نے کیا کرنا ہے اگر بلوچستان کے قبائلی عمائدین اور موجودہ وزراء جو چند دنوں کے بعد سابقہ وزراء اور ایم پی اے بن جائیں گے انہوں نے اپنی اپنی پارٹیوں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے فیصلہ کیا تو بلوچستان عوامی پارٹی (ابا ) کو عام انتخابات میں ایک سیاسی دھجکا لگنے کا امکان ہے ،اتوار کے روز ایک افطار اور ڈنر کے موقع پر بعض صوبائی وزراء ،ارکان اسمبلی ،قبائلی عمائدین کا ایک اہم غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کے بارے میں نئی صورتحال کے پیش نظر حکمت عملی تیار کرنے کے بارے میں غور کیا گیا ہے ،بلوچستان صوبائی اسمبلی کی 51نشستوں پر 25جولائی کو انتخابات ہوں گے جبکہ مخصوص خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں پر انتخابات کے بعد الیکشن ہوں گے ،بلوچستان دوسروں صوبوں کے مقابلے میں قبائلی صوبہ ہے اور یہاں پر سیاست کی بجائے قبائلی رسم ورواج اور فیصلوں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ،بلوچستان میں عام انتخابات میں کوئی سیاسی جماعت اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی ،صوبے میں حسب روایت مخلوط حکومت ہی قائم ہوگی ۔