کراچی: خاتون نے گھر کو آگ لگا دی،

ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق،2 زخمی والدہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا ، 2 سال سے ان کا علاج چل رہا تھا، بیٹا

پیر 28 مئی 2018 15:17

کراچی: خاتون نے گھر کو آگ لگا دی،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن ملنگ گوٹھ میں ذہنی مریضہ نے گھر کو آگ لگا دی، آتشزدگی کے باعث گلزارہ بی بی سمیت اس کے 8 بچے جھلس کر جاں بحق جبکہ2 زخمی ہوگئے۔ تفصیلا ت کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع ملنگ گوٹھ میں ایک گھر میں آگ لگنے سے ماں اور بچوں سمیت 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے ملنگ گوٹھ میں گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی نے موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم اٴْس وقت تک آگ کے باعث 4 افراد جھلس کر ہلاک ہوچکے تھے۔دیگر 3 افراد نے اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑا جبکہ ایک خاتون نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑا۔مرنے والوں کی شناخت گلزارہ بی بی، نازیہ، ظفر، نائلہ، ریحان، رقیہ، طیب اور اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں ساجد اور سائیں داد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ گھر کے پڑوسی نے میڈیا کو بتایا کہ جب تک وہ لوگ بھاگ دوڑ کرتے، اٴْس وقت تک پورے گھر میں آگ لگ چکی تھی۔ پولیس کے مطابق گھر میں آگ مرنے والے بچوں کی ماں گلزارہ بی بی نے لگائی تھی، جو خود بھی جھلس کر جاں بحق ہوچکی ہے۔واقعے میں بچ جانے والے زخمی ساجد نے پولیس کو دیئے جانے والے ویڈیو بیان میں بتایا کہ جب کمرے میں آگ لگی تو وہ سب ایک کمرے میں جبکہ ان کے والد باہر سو رہے تھے، اسی وجہ سے بچ گئے۔ساجد کے مطابق اس کی والدہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور 2 سال سے ان کا علاج چل رہا تھا۔