پاکستانی کا اعزاز،پاکستانی شہری وحید اختر نیویارک میں اعلیٰ ترین رینک کے افسر تعینات

وحید اختر نیویارک پولیس کے پورے محکمے میں یہ رینک پانے والے پہلے پاکستانی ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مئی 2018 16:44

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مئی 2018ء) :پاکستان میں انجینیر ، ہو ڈاکٹر ہو یا پھر کوئی آرٹسٹ۔ پاکستانی شہری ہمیشہ ہی بیرون ممالک میں ملک کا نام روشن کرتے آئے ہیں۔ حال ہی میں نیویارک میں بھی ایک پاکستانی شہری نے اپنے محکمے میں اعلیٰ ترین رینک حاصل کر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وحید اختر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ ترین رینک پانے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں۔

وحید اختر کا تعلق پاکستان کے شہر منڈی بہاؤالدین سے ہے، وحید اختر کو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کیپٹن کے عہدے پر فائز کر دیا گیا ہے،اور وہ اس رینک کا عہدہ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، وحید اختر ڈائیورسٹی لاٹری ویزا کے ذریعے 1988ء میں امریکہ گئے، انہوں نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں نوکری ملنے سے پہلے کئی جگہ کام کیا، کئی سالوں کی ان تھک محنت کے بعد وحید اختر وہ عہدہ پانے میں کامیاب ہو گئے جس کو حاصل کرنے پر وہ خود بھی فخر محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ امریکہ میں مواقعوں کی کمی نہیں ہے،تاہم میں نے کبھی امریکہ آنے اور یہاں سیٹل ہونے کا نہیں سوچا تھا۔ میں نے یہاں گراسری سٹورز،گیس اسسٹیشن اور ٹیکسی کمپنیوں تک میں کام کیا، اور اپنی پڑھائی مکمل کی۔ جس کےبعد میں نے پولیس فورس جوائن کر لی۔ وحید اختر نے 5 سال تک نوکریاں تبدیل کرتے کرتے بالآخر جنوری 2005ء میں پولیس ڈیپارٹمنٹ جوائن کیا، وحید اختر کے والد اور بھائی بھی پاکستان میں پولیس اہلکار تھے۔

وحید اختر نے بتایا کہ میرے والد پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر تھے جبکہ میرا بھائی بھی پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ہی کام کرتا ہے، لہٰذا میں نے بھی یہاں امریکہ میں پولیس ڈیپارٹمنٹ ہی جوائن کرنے کا فیصلہ کیا۔ وحید اختر کے چار بچے ہیں۔ ان کو 2010ء میں سارجنٹ کے عہدے پر ترقی دی گئی، بطور سارجنٹ وحید اختر کو پولیس فورس کے اندرونی معاملات اور بیورو میں بھی شامل کیا جانے لگا۔جس کے بعد وحید اختر کو لیفٹننٹ کے عہدے پرترقی ملی اور اب وحید اختر بحیثیت کیپٹن کرائم کنٹرول بیورو میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔