سند ھ کے عوام کو مبارک ہو ، اندھیر نگری چوپٹ راج ختم ہوا،خرم شیر زمان

ہم ثابت کردیں گے کہ ہم پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح چور اور کرپٹ نہیں ہیں،رہنما تحریک انصاف

پیر 28 مئی 2018 17:34

سند ھ کے عوام کو مبارک ہو ، اندھیر نگری چوپٹ راج ختم ہوا،خرم شیر زمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت آہوں اور سسکیوں کے ساتھ رخصت ہو رہی ہے ۔جب تک پی پی کا دور تھا، انہوں نے عوام کو خون کے آنسو رُلایا، اب یہ خود افسوس کرتے ہوئے جا رہے ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سند ھ کے عوام کو مبارک ہو ، اندھیر نگری چوپٹ راج ختم ہوا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی طرح نگراں وزیر اعلیٰ کا انتخاب بھی اسی معیار کا ہوگا جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوں اور جس کے کردار پر کوئی انگلی نہ اُٹھا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے جانے کے بعد نگراں سیٹ اپ کا اعلان جلد ہونا چاہئے۔ اس کے لیے تمام سیاسی قیادتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا اور کسی ایک غیر متنازعہ نام پر اتفاق کا اعلان کرنا چاہئے۔ اب بہت جلد انتخابات ہوں گے اور آپ لوگوں کو حق ملے گا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔ اپوزیشن کی حیثیت سے پی ٹی آئی نے وہ سب کیا جو ہمیں مناسب لگا۔

اگر حکومت میں آنے کا موقع ملا تو ہم ثابت کردیں گے کہ ہم پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح چور اور کرپٹ نہیں ہیں۔ ہم عوام کے حقوق غصب نہیں کرتے ، نہ ہی ان کی دولت سے اپنی جائیدادیں بناتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم عوام کے حقوق اور عدل و انصاف کی بات کرتے ہیں۔ جب ہم سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہیں تو ہمیں برا سمجھا جاتا ہے لیکن اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہم حق کے لیے پہلے بھی آواز بلند کر رہے تھے ، آج بھی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔