سابق سنیٹر سیّد ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پریوم تکبیر کی تقریب منعقد

یہ دن قوم سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ متحد ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرے،سیّد ظفر علی شاہ

پیر 28 مئی 2018 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) یوم تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق سنیٹر سیّد ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، سیّد حسن ظفر، محمد فہیم خان، فیضان شہزاد، اویس ملک، محمد رمضان اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سید ظفر علی شاہ نے یوم تکبیرمنانے پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا یہ دن قوم سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ متحد ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرے تا کہ ہمارا ملک دنیامیں ایک عظیم ملک بن کر ابھرے۔ انہوںنے کہا کہ 28مئی 1998کو پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان نے اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس پر نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری اسلامی دنیا کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ قوم پاکستان کو ایک اقتصادی طاقت بنانے کیلئے بھرپور محنت کرے تا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر ایک مضبوط ملک بن سکے اور قوم خوشحال ہو سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمدنوید ملک نے کہا کہ پورے ملک کی تاجر برادری پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردارادا کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے سے پوری اسلامی دنیا کو حوصلہ ملا ہے اور امت مسلمہ میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے جو ہم سب کیلئے باعث فخر بات ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایٹمی طاقت بن کر پاکستان نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم میں ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد ااپنی اپنی سطح پر ملک کی ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار اد اکرے تا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط اقتصادی طاقت بن کر خطے اور دنیا میں مزید فعال کردار اد ا کر سکے۔