کے ڈی اے ، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے افسران کے تقرر ، تبادلوں اور ترقیوں کی تفصیلات طلب کرنے پر ایم کیوایم پاکستان کا اظہار مذمت

نیب ایک وفاقی اور آئینی ادارہ ہے اسے اپنے رویئے اور عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایک غیر جانبدار تحقیقاتی ادارہ ہے، رابطہ کمیٹی

پیر 28 مئی 2018 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے نیب کی جانب سے جاری کردہ اس خط کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی ای) ، بلدیہ عظمی کراچی اور ڈی ایم سیز سے ان کے افسران کے تقرر ، تبادلوں اور ترقیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں ۔ ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیب کا یہ عمل متعصبانہ سوچ کا عکاس ہے ، نیب ایک وفاقی اور آئینی ادارہ ہے اسے اپنے رویئے اور عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایک غیر جانبدار تحقیقاتی ادارہ ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ نیب نے بھی نسلی اور لسانی تعصب کی بنیاد پر تفصیلات طلب کی ہیں ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ پورے سندھ میں ہونے والے تبادلوں ، تقرریوں اور ترقیوں کی تفصیلات طلب کی جاتی لیکن صرف کراچی کے مخصوص اداروں سے ان تفصیلات کا طلب کیاجانا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ نیب نہ صرف اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے اور اگر اسے یہ اختیار حاصل بھی ہے تو وہ اس کا غلط استعمال کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف صاف اور شفاف تحقیقات کے حق میں ایم کیوایم پاکستان سمیت ملک کے تمام مہذب اور جمہوری حلقے اس کے حق میں ہیں لیکن تعصب کی بنیاد پر کئے جانے والے عمل کے نتائج کبھی بھی مثبت برآمد نہیں ہوں گے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نیب کی ساکھ پہلے ہی متاثر ہوچکی ہے اور اس قسم کے عمل سے اس کی بچی کچی ساکھ بھی ختم ہوکر رہ جائے گی ۔رابطہ کمیٹی نے چیئرمین نیب ، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عمل کا نوٹس لیاجائے اور تحقیقات کو وسیع البنیاد بنایاجائے اور اس کے لئے نسلی اور لسانی تعصب سے بالا تر ہوکر فیصلے کئے جائیں بصورت دیگر عوام اور افسران میں محرومی اور بے چینی پیدا ہوگی ۔