ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے الیکشن جیتنے کا فارمولا تلاش کرلیا

ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے کس کا انتخاب کرلیا؟ پی ٹی آئی کیلئے پریشان کن خبر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 مئی 2018 12:46

ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے الیکشن جیتنے کا فارمولا تلاش کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 مئی 2018ء) : عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں نے اپنے حتمی اُمیدواروں کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دی ہیں،قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے بیوروکریٹس کے عزیزوں کو نوازنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات میں بیوروکریسی اور پولیس کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بیوروکریٹس اور پولیس افسران کے قریبی عزیزوں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں، اور اپنے حمایت یافتہ بیوروکریٹس کو یقین دہانی بھی کر وا دی گئی ہے کہ ان کے اُمیدواروں کو نہ صرف ٹکٹ دیا جائے گا بلکہ ان کی مالی مدد بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں ن لیگ کے حمایتی 15 بیوروکریٹس اور 16 پولیس افسران کے قریبی عزیزوں کو انتخابی ٹکٹ جاری کیے جا رہے ہیں اور انہیں انتخابی مہم شروع کرنے کا گرین سگنل بھی دے دیا گیا ہے۔

بلوچستان میں تعینات افسروں میں سے ایک بھائی، دوسرے کے کزن اور ایک سابق آئی جی کے قریبی وزیز کو بھی ن لیگ کا ٹکٹ دیا جا رہا ہے ، عدلیہ کے ایک سابق اعلیٰ ذمہ دار کے قریبی عزیز کو بھی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب میں پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو اعلیٰ کارکردگی پر انعامات دینا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جن بیوروکریٹس اور پولیس افسران کے کہنے پر ٹکٹیں جاری کی جا رہی ہیں ان سے یہ وعدہ لیا گیا ہے کہ نگران سیٹ اپ میں جو بیوروکریٹس پنجاب میں تعینات ہوں،یہ ان سے اپنے تعلقات کے ذریعے ن لیگ کی مدد کریں گے اور یہی صورتحال سندھ میں بھی ہے، پیپلز پارٹی نے بھی سندھ میں اسی طرز پر ٹکٹیں تقسیم کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔