مذہبی ہم آہنگی کی مثال، سری نگر میں ایک سکھ نے مسلمانوں کو سحری میں جگانے کا بیڑا اُٹھا لیا

سکھ کی ڈھول بجاتے اور مسلمانوں کو سحری کے لیے جگانے کی ویڈیو وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 مئی 2018 14:44

مذہبی ہم آہنگی کی مثال، سری نگر میں ایک سکھ نے مسلمانوں کو سحری میں ..
سری نگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 مئی 2018ء) : یوں تو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کی کمی نہیں ہے لیکن حال ہی میں ماہ رمضان کے موقع پر بھارت میں مذہبی ہم آہنگی بھی دیکھنے میں آئی ہے جو قابل تعریف ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک سکھ بزرگ کی ویڈیو وائرل ہوئی جو روز صبح ڈھول بجا کر مسلمانوں کو سحری کے لیے جگاتا ہے۔ سوشل میڈیا پروائرل ہوئے 21 منٹ کے اس ویڈیو کلپ میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوانہ میں مسلمان پڑوسیوں کو ڈھول بجا بجا کر سحری میں جگاتا ہے۔

ڈھول بجانے سے پہلے یہ سکھ بزرگ  اپنے آواز میں کہتا ہے کہ ''اللہ کے رسولﷺ کے پیارو، جنت کے طلبگارو ، اُٹھو اور روزہ رکھو۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر صارفین نے سکھ بزرگ  کی جانب سے مذہبی آہنگی کی قائم کی گئی اس مثال کو خوب سراہا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں سحر کے اوقات میں مسلمانوں کو جگانے کے لیے ڈھول بجانے والے آتے تھے لیکن ایسا پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ کوئی غیر مسلم بھی اس کام کو بے حد لگن اور پیار سے کر رہا ہے۔

بلاشبہ یہ مذہبی ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال ہے۔ یاد رہے کہ تہار جیل میں قید 59 ہندو قیدیوں نے بھی اپنے 2 ہزار 299 مسلمان ساتھی قیدیوں کے ساتھ ماہ رمضان میں روزے رکھنا شروع کر دئے ہیں۔ ہندو قیدیوں کا کہنا ہے کہ مذاہب مختلف ہونے کے باوجود ہماری روزے رکھنے کی اپنی وجہ ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

حال ہی میں نئی دہلی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے تحت گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ایسے موسم میں جیل میں موجود روزہ رکھنے والے قیدیوں کے لیے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ قیدیوں کے ڈائریکٹر جنرل اجے کشپ کا کہنا تھا کہ جیل حکام نے غروب آفتاب کے اوقات کے بورڈ لگا رکھے ہیں، قیدیوں کو کھجوریں اور روح افزا فراہم کیا جاتا ہے جبکہ صبح صادق کے وقت ان کے نماز پڑھنے کے لیے بھی الگ سے جگہ مختص کی گئی ہے۔

اغوا کے مقدمے میں گرفتار ایک 21 سالہ قیدی نے کہا کہ میں مسلمان قیدی ساتھیوں کا ساتھ دینے کے لیے روزے رکھ رہا ہوں، جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے یہاں جیل میں کئی قیدیوں کو دیکھا ہے کچھ تو یہاں آ کر پہلے سے بھی زیادہ مذہبی ہو جاتے ہیں جبکہ کچھ اپنے رہے سہے عقائد بھی بھول جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پرمسلمانوں کو جگانے والے سکھ شخص کی وائرل ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: