اہل قلم کی مالی مدد کیلئے قائم انڈاومنٹ فنڈ کے امورکی انجام دہی کیلئے چار رکنی ایگزیکٹوکمیٹی تشکیل

منگل 29 مئی 2018 16:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) اہل قلم کی مالی مدد اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کی خاطر 50 کروڑ روپے سے قائم انڈائومنٹ فنڈ کے امورکی انجام دہی کیلئے چار رکنی ایگزیکٹوکمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس 4 جون کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں بائی لاز اور مستقبل کے منصوبہ جات کا جائزہ لے کر فیصلے کئے جائیں گے۔

یہ فیصلہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی زیرصدارت انڈائومنٹ فنڈ کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن کی سربراہی میں قائم ایگزیکٹو کمیٹی میں بی او جی کے چار ارکان حمید ہارون، اعجازرحیم، ڈاکٹر محمد اشرف اور مشرف فاروقی کے علاوہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری اور وزارت خزانہ کے فنانشل ایڈوائزرشامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

نوتشکیل شدہ ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس 4 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں انڈائومنٹ فنڈ کے امور کی انجام دہی سے متعلق قواعد کار (بائی لاز) اور مستقبل کے منصوبہ جات کا جائزہ لے کر فیصلے کئے جائیں گے جنہیں بعدازاں بورڈ کی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرز نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی انڈائومنٹ فنڈ کے قیام، اہل قلم کی مدد، ملک میں علمی وادبی سرگرمیوں اور اداروں کے فروغ کیلئے کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور متفقہ طورپر ان سے درخواست کی کہ وہ بورڈ کے آئندہ تین اجلاسوں میں شرکت کریں تاکہ بورڈ ان سے رہنمائی حاصل کر سکے کیونکہ یہ انڈائومنٹ فنڈ بنیادی طورپر عرفان صدیقی کا خیال تھا۔

اس لئے بورڈ سمجھتا ہے کہ ان کی موجودگی سے اس فنڈ کو پوری طرح فعال اور سرگرم عمل کرنے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ عرفان صدیقی نے نوتشکیل شدہ بورڈ آف گورنرز کے ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسرت کا اظہارکیا کہ تمام ارکان نے گہری دلچسپی اور سرگرمی سے اجلاس میں شرکت کی اور تجاویز دی ہیں، یہ جذبہ لائق تحسین ہے۔ اس سے انڈائومنٹ فنڈ کے قیام کے مقاصد کو حاصل کرنے میں یقینا بڑی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پچاس کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ علم وادب کے فروغ کا اہم ذریعہ بنے گا۔ وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے بورڈ کے ارکان کی آمد پر ان کا شکریہ اداکیا۔ انڈائومنٹ فنڈ کے امور کار کے لئے تیرہ رکنی بورڈآف گورنرز کے چئیرمین مشیر وزیراعظم ہیں جبکہ دیگر ارکان میںمعروف صحافی حمید ہارون، سابق سیکریٹری کابینہ ڈویژن اعجاز رحیم، ٹیکسلا انسٹی ٹیوٹ آف سویلائزیشنزکے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف خان، معروف لکھاری مشرف فاروقی، ماہرتعلیم منیر احمد بادینی، معروف شخصیت میاں یوسف صلاح الدین، خورشید رضوی، سابق وفاقی سیکریٹری کامران لاشاری شامل ہیں۔

جبکہ بلحاظ عہدہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق، وزارت خزانہ کے فنانشل ایڈوائزر حسین مرزا شامل ہیں جبکہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری بورڈ کے سیکریٹری کے طورپر خدمات انجام دیں گے۔