پیپلز پارٹی ضلع ملیر کی قیادت نے پسماندہ گوٹھوں کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے،ایاز بلوچ

منگل 29 مئی 2018 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس127کے سینئر و سرگرم کارکنان ایاز بلوچ، رجب خاصخیلی اور وحید کچھی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ایس 127کے الیکشن کے دوران منتخب ایم پی اے نے وعدہ کیا تھا کہ الیکشن جیتنے کے بعد وہ یوسی:12غریب آباد کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کریں گے اور یہاں فٹبال گرائونڈ، ڈسپنسری ، اسکول اور پانی کے بڑے ٹینک کی تعمیر کریں گے مگر ان سب کاموں کا ہونا اک طرف آج بھی یوسی:12غریب آباد کی عوام پینے کے پانی اورسیوریج جیسے بنیادی مسائل کا شکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ یوسی:12غریب آباد کیلئے منظور ہونے والی12پی ایم ٹیز گڈاپ میں شفٹ کردی گئی ہیں اور6500ووٹ لے کر عوام کو فراموش کرنے والے ایم پی اے نے کوئی وعدہ وفا نہیں کیا اور عوام کی متعدد شکایات کے جواب میں صرف انہیں جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ضلع ملیر کی قیادت نے پسماندہ گوٹھوںکو مکمل نظر انداز کردیا ہے اور جانبدارانہ صورتحال برت رہے ہیں انھوں نے نہ صرف پہلے سے موجود گرائونڈ میں گھاس لگوائی، نہ اسٹیڈیم کی تعمیر کرائی، نہ ہی اسٹریٹ لائٹس اور دیگر ترقیاتی کام کیئے جبکہ یوسی:12کے گوٹھوں کے علاوہ جابجا کام ہوتے نظر آرہے ہیں جس سے فرق صاف ظاہر ہورہا ہے کہ ایم پی اے صاحب اور دیگر نمائندے صرف اپنوں کو فائدہ دے رہے ہیں اور انہیں پیپلز پارٹی کے غریب ووٹر ز کا ذرہ برابر خیال نہیں ہے۔