حکومت اور اپوزیشن کے نگراں وزیراعظم پر اتفاق سے جمہوریت کے استحکام کو مزید تقویت ملے گی،عوامی نیشنل پارٹی

منگل 29 مئی 2018 22:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں حکومت اور اپوزیشن کے نگراں وزیراعظم پر اتفاق کو جمہوریت کی مضبوطی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کو مزید تقویت ملے گی ،بیان میں کہاگیاہے کہ عوامی نیشنل پارٹی روز اول سے ہی ملک کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا واحد حل پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام میں مضمرسمجھتی ہے تاہم بعض لوگ ملک کے اہم معاملات اور فیصلے پارلیمان کی بجائے دوسرے اداروں کے پاس لے کر گئے جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں ،عوامی نیشنل پارٹی نے سال 2013 کے عام انتخابات کے نتائج تمام تر خدشات اور تحفظات کے باوجود اس لئے تسلیم کئے تاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت مستحکم ہوسکے ہماری جماعت نے جمہوریت پر شب وخون کی کوشش کرنے والے قوتوں کے خلاف بھی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جس کے باعث جمہوریت دشمن قوتوں کو ناکامی کاسامنا کرناپڑا ،انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں نگراں وزیراعظم پر حکومت اور اپوزیشن کے متفق ہونے کو تو سراہتی ہے لیکن وہی وہ فاٹا کے خیبرپشتونخوا میں انضمام کی مخالفت کرتی چلی آرہی ہے جو قابل حیرت ہے عوامی نیشنل پارٹی ملک کو درپیش تمام مشکلات اور چیلنجز کا حل پارلیمان کے ذریعے ہی سمجھتی ہے اس کے علاوہ دیگر اپشن کااستعمال وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں ہوگا ہم وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے متفقہ نگراں وزیراعظم کے انتخاب کو خوش آئند سمجھتے ہیں بلکہ یہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کا بھی باعث بنے گی ۔