ذاتی مفاد، لسانی اور دیگر وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ووٹ دینا ہم سب کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر مہیمن

بدھ 30 مئی 2018 15:49

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) اس امر میں دو رائے نہیں ہیں کہ وطنِ عزیز ہر قسم کے مسائل سے دوچار ہے، داخلی انتشار وطنِ عزیز کے مسائل میں مزید اضافہ بھی کر رہا ہے تاہم ان مسائل کا حل اولاً تو صرف اور صرف مساوی اور بامقصد تعلیم میں ہے اور ثانیاً ووٹ ان مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ہری پور یونیورسٹی کی سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مھیمن نے معلومات تک رسائی کے حوالہ سے سول سوسائٹی الائنس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر مھیمن نے کہا کہ ذاتی مفاد، مسلکی، لسانی، علاقائی، سیاسی اور دیگر وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ووٹ دینا ہم سب کی اخلاقی، مذہبی اور قومی ذمہ داری ہے، اس حوالہ سے قومی مفاد کو مقدم رکھنا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ ڈاکٹر مھیمن نے کہا کہ جہموریت صدیوں میں پنپتی ہے، جو خرابی ہم نے 70 سال میں کی ہے اسے چند سالوں میں ٹھیک کرنا ممکن نہیں، اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے حصہ کا کام ایمانداری اور اخلاص سے کریں۔