پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے رمضان میں گرمی کی شدت سے بچائو کی احتیاطی تدابیر

بدھ 30 مئی 2018 18:23

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جو اگلے چھ دن تک رہے گا چونکہ رمضان کا مہینہ ہے اسلئے اس میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے عوام کو رمضان کے مہینے میں اس شدید گرمی سے بچائوکی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری طور پر دن (صبح 11بجے سے سہ پہر 4بجے تک ) میں گھر سے باہرہر گز نہ نکلیں، اگر گھر سے باہر جانا ضروری ہو تو کوشش کریں کہ سایہ دار راستہ اختیار کریں اور حتی مقدور کوشش کریں کسی بھی طور پر زیاد ہ دیر ایسی جگہ پر نہ ٹھہریں جہاں شدید دھوپ ہو، اگر دھوپ میں جانا پڑے تو سر پر ٹوپی یا گیلا رومال (کپڑا) رکھیں اور بار بار منہ کو دھو لیں،افطار اور سحری کے درمیان بارہ سے پندرہ گلاس پانی یا مشروبات یا پھلوں کا جوس استعمال کریں، نمک کا استعمال خاص کر سحری میں کم کریںتاکہ پیاس کی تلب نہ ہو۔

(جاری ہے)

دن میں کُھلے آسمان میں کسی بھی کھیل کود میں حصہ نہ لیں،گرم موسم میں ہلکے اور نرم کپڑے ہی پہنیںاور سیاہ یا گہرے رنگ کے کپڑوں کا استعمال ہر گز نہ کریں۔بچے اور بزرگ حضرات خاص طور پر گرمی میں بہت احتیاط کریںکیونکہ ان کا قوت مدافیت کم ہوتی ہے اس لیے انہیں زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، گھر کا پکا ہوا افطار اور سحری اور کھانا کھائیں اور تلی ہوئی چیزوں کا (سموسے ، رول، پکوڑے وغیرہ ) استعمال کم سے کم کریں ،پانی اوبال کر استعمال کریں،حکومت اس امر کو یقینی بنائے کہ K-Electric اس دوران لوڈشیڈنگ ہر گز نہ کرے اور پانی کی فراہمی بھی جاری رکھی جائے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہ فرد میں پائی جانے والی علامات کے بارے میں واضح کیا ہے کہ ایسے افراد میں بے چینی ،کمزوری، غنودگی ، تیز نبض، بلڈ پریشر کم ہونا، چکر آنا، اُلٹی ہونا، حواس کی کمی، چڑچڑاپن اور پٹھوں میں درد ہوناظاہر کرتا ہے کہ ایسا شخص ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہو گیا ہے اس ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ فرد کو سایہ میں لیٹادیں اور ٹانگے اوپر کر دیں ، سانس لینے کے عمل کو یقینی بنائیں ، پینے کے لیے صاف پانی پلائیں،جسم پر برف یا ٹھنڈا پانی لگائیں، نبض اور خون کا دورانیہ چیک کریں ، متاثرہ شخص کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کریں ۔