کراچی، جنوبی سندھ صوبے کاقیام ملک و قوم کی ترقی واستحکام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا،شاہد فراز

انتظامی امور کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات کیلئے نئے صوبوں کا قیام ملک کیلئے ناگزیرہوچکاہے،دنیا بھر میں 50لاکھ آبادی سے زائدکا صوبہ یا شہرقانونی اعتبار سے علیحدہ صوبے کا حق رکھتا ہے، سیکریٹری جنرل مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)

بدھ 30 مئی 2018 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبے کاقیام ملک و قوم کی ترقی واستحکام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا،انتظامی امور کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات کیلئے نئے صوبوں کا قیام ملک کیلئے ناگزیرہوچکاہے،دنیا بھر میں 50لاکھ آبادی سے زائدکا صوبہ یا شہرقانونی اعتبار سے علیحدہ صوبے کا حق رکھتا ہے،جسے ہمارے یہاں منفی سوچ کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

شاہد فراز نے عارضی بیت الحمزہ پر گلشن اقبال سے آئے بزرگوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں اور ڈیموں کا قیام ملک کی اشد اور اہم ضرورت ہے،جو لوگ بھی صوبوں اور ڈیموں کی مخالفت میں باتیں یاسازشیں کررہے وہ ملک اور قوم کے مخلص نہیںایسے افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شاہد فراز نے کہا کہ 2018کا الیکشن مہاجر سیاست میں انقلاب برپاکردیگا اورمہاجر سیاست کو درست سمت کی جانب گامزن کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا،جبکہ جوکوئی بھی یہ سمجھتا ہے کہ مہاجر قوم منقسم اور تکڑوں میں بٹ چکی ہے تو وہ اس کی بھول ہے،چند افراد کے اختلاف کوقوم کی تقسیم سے منسوب کرنا دانشمندانہ اقدام نہیں۔

شاہد فراز نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد اور دیانتدار اور باصلاحیت حکمرانوں کے انتخاب کیلئے نگراں حکمران اور غیرجانبدار الیکشن کمیشن کا کردار اہم ہوتا ہے ،جسکے لئے جسٹس (ریٹائرڈ) ناصر الملک کی بطور وزیراعظم تقرری خوش آئند اقدام ہے جو فئیر اینڈ فری الیکشن کے انعقاد میں اہم ثابت ہوگی۔شاہد فراز نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) بڑے پیمانے میں کامیابی حاصل کرکے ان قوم کے سوداگروں کو بتائے گی جو تیس سالوں سے قوم کے مینڈٹ کاسودا کرتے آئے ہیں ،مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) الیکشن میںکامیابی قوم کی کامیابی ہوگی۔ #