مزاحیہ اداکار ننھا کی 32ویں برسی کل منائی جائے گی

جمعرات 31 مئی 2018 14:08

مزاحیہ اداکار ننھا کی 32ویں برسی کل منائی جائے گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار ننھا کی 32ویں برسی 2جون کو منائی جائے گی ۔دو عشروں تک لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ملک کے ممتاز کامیڈین رفیع خاورعرف ننھا نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے ’’ الف نون ‘‘ سے شہرت حاصل کی انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1966ء میں فلم ’’ وطن کا سپاہی ‘‘ سے کیا معروف پاکستانی فلم ’’ دبئی چلو ‘‘ نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ان کی دیگر یادگار فلموں میں سوہرا تے جوائی ، سالا صاحب،نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی ،مہندی اور دیگر قابل ذکر ہیں ننھا کی تائٹل رول پر مشتمل فلم سالا صاحب لاہور میں 300ہفتے تک زیر نمائش رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

(جاری ہے)

رفیع خاور ننھا اور نگیلا کی فلمی جوڑی کو شائقین نے بے پناہ پزیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئین میں ممتاز،انجمن ،مسرت شاہین،رانی،دردانہ رحمان اور نازلی پسند کی جاتی تھیں۔ننھا کی بطور ہیرو اور کامیڈین سب سے زیادہ پسند کی جانی والی جوڑی نازلی کے ساتھ تھی وہ حقیقی طور پر نازلی کے عشق میں مبتلا ہو کر سنجیدہ ہو چکے تھے لیکن نازلی کی جانب سے بے وفائی پر ننھا نے 2جون1986کو موت کو گلے لگا لیا۔ ۔ننھا پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک معتبر نام تھا جس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں فلمی دنیا میں ایک اہم مقام حاصل کیا جو کہ فلم بینوں کوہمیشہ یاد رہے گا انہوں نے زندگی بھر لوگوں میں خوشیاں اور مسکراہٹیں بانٹیں جبکہ ان کی اپنی زندگی کا ڈراپ سین انتہائی پردرد تھا۔