کراچی ،دعوت اسلامی کے تحت30دن کا تربیتی اعتکاف جاری

جمعرات 31 مئی 2018 18:37

کراچی ،دعوت اسلامی کے تحت30دن کا تربیتی اعتکاف جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) دعو ت اسلامی کے تحت گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی 30دن کا تربیتی اعتکاف جاری ہے۔ اس وقت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں کم و بیش پانچ ہزار سے زائد جبکہ پاکستان کے دیگر شہرو ں میں80سے زائد مقامات پرعاشقان رسول علم دین سیکھنے کا جذبہ لئے اس ایک ماہ کے اعتکاف میں شریک ہیں۔اس ایک ماہ کے اعتکاف میں پاکستان کے علاوہ کینیڈا، امریکا، یو کے، سائوتھ افریقہ، ہانگ کانگ، سائوتھ کوریا، فرانس، اٹلی سے بھی کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے اعتکاف میں شریک ہیں۔

اس تربیتی اعتکاف میںضروریات دین میں سے نماز، وضو، غسل،نمازجنازہ ودیگرسنتیںوآداب سیکھنے کیلئے حلقے بھی لگائے جاتے ہیں۔بعد نماز عصر امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطارقادری دامت برکاتہم العالیہ مدنی مذاکرے میں سوالات کے جوابات دیتے ہیں اوربیان کے اختتام پر خصوصی دعا اور مناجات افطارپڑھی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تلاوت قرآن پاک ،ذکر واذکار اورانفرادی عبادت کا سلسلہ بھی رہتا ہے جبکہ ہر طاق رات میں شرکاء اعتکاف صلوٰة التسبیح کے نوافل کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

شرکاء اعتکا ف سے فضول گوئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ ضرورت کے تحت بولنا منع نہیں ، البتہ فضول بولنا منع ہے ،برا بولنا تو ہے ہی برالیکن جس بات میں نہ ثواب ہو نہ گناہ وہ گفتگو فضول گوئی میں شمار ہوگی،کل بروز قیامت فضول بولنے والوں کو حساب دینا ہوگا لہٰذا کوشش کریں کہ جتنا ممکن ہوسکے فضول گفتگو نہ کریں۔