ٹیچنگ ہسپتالوں میں ساڑھے چار ہزار بیڈز کا اضافہ کیا،سپیشلسٹ ڈاکٹرز تیار کرنے کیلئے سینٹرل انڈکشن پالیسی متعارف کرائی،نجم احمد شاہ

جمعرات 31 مئی 2018 18:43

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سال کے دوران ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں تقریبا ساڑھے چار ہزار بیڈز کا اضافہ کیا گیا اور ایک درجن سے زائد ایسے میگا پراجیکٹس جو ڈیڈ پڑے تھے ، اربوں روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا اور نئے طبی آلات ، ایم آر آئی، سی ٹی سکین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جدید لیبارٹریز بنائی گئی ہیں اور برن یونٹس قائم کئے گئی-انہوں نے یہ بات وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی میڈیکل یونیورسٹیز، میڈیکل کالجز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کے ساتھ الوداعی ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچرز ڈویلپمنٹ اتھراکی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ہسپتالوں کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا اور آئی ٹی کے استعمال سے ہسپتالوں میں ٹرانسپیرنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا- نجم احمد شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نرسز کی تعداد میں 40فیصد اضافہ کیا گیا اور مختلف سپیشلٹیز میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سینٹرل انڈکشن پالیسی متعارف کرائی گئی اور آج بغیر کسی سفارش اور دباؤ کے پوسٹ گریجوایٹ داخلے صرف میرٹ کی بنیاد پر ہورہے ہیں اور تمام سیٹیں پیڈ ہیں- سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس سکیم اب 17ڈسٹرکٹ تک پہنچ چکی ہی- ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں پینے کے لئے صاف پانی ، ایمرجنسی میں ادویات کی 100فیصد دستیابی یقیی بنائی گئی ہے اور اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا گیا- اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نے تمام ہسپتالوں کے سربراہان سے مذکورہ انتظامات بارے دریافت کیا جس پر شرکاء نے مکمل عملدرآمد کی تصدیق بھی کی- اجلاس کے شرکاء نے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر قیادت صحت کے شعبہ کی ترقی ، ہسپتالوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری اور نئے پراجیکٹس کی تکمیل کے حکوالے سے ان کی خدمات کو سراہا- خواجہ سلمان رفیق نے دوران وزارت بھرپور تعاون اور ٹیم ورک پر تمام میڈیکل کی تعلیم کے اداروں کے سربراہان اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے سفر کو جاری رکھا جائی-