Live Updates

خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار

مریم نواز کی ٹویٹر پیغام میں خواجہ آصف کو مبارکباد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جون 2018 12:57

خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے مختصر فیصلہ دیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ بہت بہت مبارک ہو، ظلم و نا انصافی کو ایک دن مٹنا ہی ہوتا ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں خواجہ آصف کو مبارک دیتے ہوئے کہاکہ الحمداللہ ۔۔ بہت مبارک خواجہ صاحب! آپ کی سیالکوٹ سے اور سیالکوٹ کی آپ سے محبت کا عملی مظاہرہ ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں خواجہ آصف کو ہدایت کی کہ آپ اب الیکشن کی تیاری پکڑیں۔

خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی ۔ سماعت میں سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کو کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ سے تاحیات نا اہلی کالعدم قرار ہونے کے تحت خواجہ آصف اب عام انتخابات 2018ء میں حصہ لے سکیں گے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت کی جانب سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا،2013 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات