بد ترین لوڈ شیڈنگ سے ثابت ہو گیا (ن) لیگ کے 11ہزار میگا واٹ بجلی بنانے کے دعوے جھوٹ تھے ‘ جمشید چیمہ

لیگی حکومت کے دور میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ‘ این اے 127میں کارنر میٹنگز سے خطاب

جمعہ 1 جون 2018 18:34

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر ، این اے 127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ بد ترین لوڈ شیڈنگ اور خود شہباز شریف کے رخصتی سے قبل بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے دعوے صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے تھے،حکمرانوںنے اپنے آخری دنوں میں طوفانی دورے کر کے چلتے ہوئے منصوبوں کا دوبارہ افتتاح کر کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے این اے 127کے علاقوں باغبانپورہ ،سرائے امباوالی،درس روڈ ،مغلپورہ ، رام گڑھ سمیت دیگر مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حافظ منصب فرمائش اعوان، ریاض خان، نعیم خان لودھی، زاہد خان ، ملک تنویر ، احمد شاہ سمیت کارکنوں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پانچ سالوں میں اپنے منشور کے ایک نقطے پر بھی عمل نہیں کیا ۔

شروع دن سے آخری دن تک 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے دعوے کئے جاتے رہے لیکن آئندہ وزیر اعظم کے امیدوار شہباز شریف کاجاتے جاتے یہ بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی اب ہوئی تو ہم ذمہ دار نہیں ۔ شہباز شریف صاحب آپ کھوکھلے نعروں سے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ تجربہ کار ‘‘ (ن) لیگ کے دور حکومت میں عوام کی زندگیوں میں کسی طرح کی خوشحالی نہیں آئی بلکہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر سب سے پہلے عوام کی زندگیوںمیں خوشحالی اور آسودگی لائے گی اور انہیں صحت ، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہو گی ۔ اس کے ساتھ زراعت اور صنعت کی ترقی اور خصوصاً خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔