کوہاٹ،رواں ماہ پچاس سے زائد مقامات پرسرچ اینڈسٹرائیک آپریشنز، 134مطلوب اشتہاریوں سمیت 1290مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا

جمعہ 1 جون 2018 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) کوہاٹ میں ماہ رفتہ پچاس سے زائد مقامات پرسرچ اینڈسٹرائیک آپریشنز کی کاروائیوں میں 134مطلوب اشتہاریوں سمیت 1290مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔زیر حراست افراد میںپڑوسی ملک افغانستان سے تعلق رکھنے والے 28غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔ مختلف مقامات پر سرچ آپریشنزاور اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں بڑی تعداد میںخود کا ر اسلحہ و منشیات اور مشکوک گاڑیاں بھی برآمد کرکے تحویل میں لی گئی ہیںجبکہ کرایہ کے گھروں میں بغیر رجسٹریشن مقیم 16افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے دفتر سے جاری معلومات کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی امن وامان اور حکومتی رٹ برقرار رکھنے کیلئے مشتبہ دہشتگردوںو قانون شکنوں اور سماج دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ماہ رفتہ پولیس نے حساس معلومات کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں پچاس سے زائد ٹارگٹڈ مقامات پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے انعقاد کے دوران دہشتگردی،اغواء ،رہزنی،قتل واقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب 134خطرناک اشتہاریو ں سمیت 1290مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مشکوک و مجرمانہ سرگرمیوں کی اطلاعات پر شہر اور مضافاتی علاقوں میں اچانک چھاپوں اورچیکنگ کے علاوہ شہر کے گرد ونواح میں واقع افغان پناہ گزین کیمپوں میں بھی کئی کامیاب آپریشن کئے گئے اور اس دوران وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پچاسی ہزار سے زائد افراد اور مختلف قسم کی چھوٹی بڑی چالیس ہزار کے قریب گاڑیوں کی موقع پر چھان بین کی گئی اور ان کاروائیوں میں شناختی و سفری دستاویزات کے بغیر مقیم 28افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ گاڑیوں کی چوری روکنے کے پیش نظر ساٹھ مشکوک گاڑیاں متعلقہ قوانین کے تحت چھان بین کیلئے تحویل میں لیکر متعلقہ تھانوں میں بند کردی گئیں۔

قومی ایکشن پلان کے تحت شہر میں امن وامان کے قیام اور انسداد جرائم کی غرض سے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں گزشتہ ایک ماہ کے عرصے کے دوران پکڑے گئے اسلحہ و منشیات میں 30کلاشنکوف،2ایل ایم جی گن،8کلاکوف،2سٹین گن، 70بندوق،35 رائفل،159پستول،مختلف بور کی16000کارتوس،300چارجرز،140کلو گرام چرس،500گرام ہیروئن اور 20بوتل شراب شامل ہیں۔

علاوہ ازیں دہشتگردی کی عفریت پر قابو پانے ،جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر سے سختی سے نمٹنے اور قیام امن و حکومتی رٹ برقرار رکھنے کیلئے قومی ایکشن پلان کے تحت بڑے پیمانے پر جاری آپریشن کے مطلوبہ اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں اور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کی نتیجہ خیز کاروائیوں کی بدولت دہشتگردی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہواجبکہ بھتہ خوری،اغوائیگی،سٹریٹ کرائمز ،ڈکیتی اور رہزنی کا سو فی صد قلع قمع کردیا گیا ہے اورگزشتہ کئی سالوں کی نسبت امسال مئی کے مہینے میں قتل و اقدام قتل ،ضرررسانی ،لڑائی جھگڑوں،دھونس دھمکی ،چوری چکاری،قمار بازی ،ہوائی فائرنگ اور منشیات و دیگر معاشرتی جرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔