پاک ایران دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پارلیمانی ، تجارتی و اقتصادی شعبوں میںتعاون کی ضرورت ہے،صادق سنجرانی

جمعہ 1 جون 2018 22:54

پاک ایران دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پارلیمانی ، تجارتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستا ن اور ایران کے مابین دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پارلیمانی ، تجارتی و اقتصادی شعبوں میںتعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران عوام کی ترقی اورخطے کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں ۔ محمد صادق سنجرانی نے تفتان کے مقام پر بارڈر بند کرنے اور اس سے منسلک تجارت کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

سفیر نے جلد بارڈرکھولنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکو ں کے مابین تاریخی تعلقات کی بنیادیں مذہبی ، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر رکھی گئیں ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزیدمستحکم ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ان خیالات کا اظہار بروز جمعہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو پارلیمانی روابط کے ذریعے مزید آگے بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین بین الاقوامی سطح پر تعاون کو سراہا اور کہا کہ حالیہ چند برسوں میں دفاعی اور سیکورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون میں مزیدفروغ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایران کے سفیر نے چیئرمین کے خیالات کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔