Live Updates

پارٹی ٹکٹ خریدنے والوں کے خلاف عمران خان کا بڑا اقدام

لیکن عمران خان کے دیے ہوئے نمبر سے متعلق اہم بات سامنے آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جون 2018 17:11

پارٹی ٹکٹ خریدنے والوں کے خلاف عمران خان کا بڑا اقدام
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگر تحریک انصاف کا کوئی کارکن پارٹی ٹکٹ دلوانے کے عوض پیسوں کا تقاضا کرے یا آپ کے علم میں کوئی ایسا اُمیدوار ہو جو ٹکٹ کے حصول کے لیے پیسے کی پیشکش کرتا ہو تو 5375113-0303 پر اس کی اطلاع دیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ میں خود کروں گا۔

عمران خان کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔ لیکن جہاں عمران خان کو ان کے اس کام کے لیے سراہا گیا وہیں جب عمران خان کی جانب سے دئے گئے نمبر پر رابطہ کیا گیا تو نمبر بند ملا۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنی لائیو نشریات کے دوران ہی اس نمبر پر رابطہ کیا لیکن نمبر بند ہی ملا۔

(جاری ہے)

نمبر بند ملنے پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ عمران خان نے خود ہی یہ نمبر دیا لیکن اب یہ نمبر بند جا رہا ہے جس پر حیرانگی ہے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات قریب آتے ہی ملک کی سیاسی جماعتوں نے اُمیدواروں میں ٹکٹ کی تقسیم کا کام شروع کر دیا ہے۔ ٹکٹ کی منصفانہ اور میرٹ پر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کارکنوں اور اُمیدواروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کسی قسم کے پیسوں کے تقاضے سے متعلق فوری طور پر دئے گئے نمبر پر رابطہ کریں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمران خان اور ان کی جماعت کا منشور ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہے۔

اور اسی لیے ماضی میں بھی پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے پارٹی کے 20ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔ 20 رہنماؤں کو پارٹی سے نکالنے اور اپنی جماعت میں ہی احتساب کرنے پر عمران خان نے خوب داد سمیٹی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات