پشاور ، معذور افراد کا حیات آباد پولیس کی جانب سے کارخانو مارکیٹ سے حاجی کیمپ تک موٹرسائیکلوں پر کپڑے لانے پر پابندی کیخلاف احتجاج

ہفتہ 2 جون 2018 18:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پشاور کے معذور افراد نے حیات آباد پولیس کی جانب سے کارخانو مارکیٹ سے حاجی کیمپ تک موٹرسائیکلوں کے ذریعے کپڑے لانے پر پابندی کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا ۔ کیمپ میں پشاور کے مختلف علاقوں سے معذورافراد نے شرکت کی جس کی قیادت معذورافراد کی تنظیم کے صدر نجیب خان کر رہے تھے ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کیلئے مزدوری کرنے کے سلسلے میں موٹر سائیکل چنگ چی کے ذریعے کارخانو مارکیٹ سے حاجی کیمپ تک مختلف قسم کپڑوں کے تھا ن لاتے ہیں جس میں پانچ چھ سو تک روپے کی مزدوری ہوتی ہے لیکن تھانہ حیات آباد کے ایس ایچ او مبینہ طورپر ان افراد سے بھتہ لیتے ہیں جبکہ رقم نہ دینے کی صورت میں اب پابندی عائد کر دی گئی ہے حالانکہ بس ، شہ زور ، ٹرک ، ویگن اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے کپڑے کے تھان باآسانی مذکورہ مقام پہنچتے ہیں کیونکہ ان گاڑیوں سے ایس ایچ اوباقاعدہ رقم وصول کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

معذور افراد نے آئی جی خیبر پختونخوا ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معذور گنڈا ماروں کو بیجا تنگ کرنے پر نوٹس لیکر اس میں انکوائری کی جائے اور ملوث پولیس حکام کو قانون کے مطابق سزادی جائے ورنہ احتجاج میں شدت لائینگے۔