گراں فروش اور ذخیرہ اندوز ی کرنے والے معاشرے کا ناسور ہیں، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 2 جون 2018 21:14

ملتان۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز گراں فروشی اور ریٹ لسٹ نہ لگانے پر مختلف برانڈز اور پلازوں کو جرمانے کئے گئے۔ گراں فروشی پر Chase Upپلازہ کو 20ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ریٹ لسٹ کی عدم موجودگی پر آئیڈیل مارٹ کو 10ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

اس بارے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ گراں فروش اور ذخیرہ اندوز ہمارے معاشرے کا ناسور ہیں۔ انہیں کسی طور بھی من مانیاں نہیں کرنے دی جائیں گی، جرم کی پاداش پر انہیں اس مرتبہ عید حوالات میں گزارنی پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان احترام آرڈی نینس اور پرائس کنٹرول ایکٹ پر ہر صورت عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ضلع بھر میں 42پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کئے گئے ہیں جو قیمتوں کے تعین کے ساتھ مہنگائی کو بھی کنٹرول کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ وہ غریب ریڑھی بانوں کی بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالیںتاکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں اعتدال پر رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ عوام بھی ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دے۔ ہم ان گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو کٹہرے میں ضرور لائیں گے۔