عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی پرانی ایمرجنسی وارڈ کی جگہ موجودہ کارڈیالوجی وارڈ کی جگہ او پی ڈی اور فارمیسی قائم کی جائے گی

پیر 4 جون 2018 00:30

لالہ موسیٰ۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی پرانی ایمرجنسی وارڈ کی جگہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید سہولیات سے مزین کارڈیالوجی وارڈ قائم کیا جائے گا، موجودہ کارڈیالوجی وارڈ کی جگہ او پی ڈی اور فارمیسی قائم کی جائے گی، مریضوں کے بہتر چیک اپ کیلئے کنسلٹنٹس بھی وارڈز کا باقاعدگی سے رائونڈ کریں گے، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اے ڈی سی ریونیو سید موسیٰ رضا، اے سی ہیڈ کوارٹرز وقار حسین، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عتیق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض، ایم ایس ڈاکٹر عابد محمود غوری، ڈی ایم ایس ڈاکٹر آصف، ممتاز سماجی شخصیت امتیاز کوثر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل ، ایم ایس کے ہمراہ ٹراما سنٹر، برن یونٹ میڈیکل وارڈ، نرسری ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لگائے جانیوالے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا بھی دورہ کیا، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر عابد محمود غوری نے بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں صبح ، شام اور رات کو انتظامی ڈاکٹرز تمام وارڈز کا دورہ کرتے ہیں، ڈاکٹرز و عملہ کے ڈیوٹی روسٹرز جاری کر دیے گئے ہیں،انکے لئے اوورآل اور یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، 89ہائوس آفیسرز کا میرٹ پر تقرر کیا گیا، ہسپتال کے ٹراما سنٹر کے بعد 300بیڈز پر مشتمل برن یونٹ، میڈیکل وارڈز، چلڈرن وارڈز، لیبر روم، گائنی کو بھی جلد سنٹرل آکسیجن سپلائی سے منسلک کر دیا جائے گا، ہسپتال کی 100فیصد مشینیں فنکشنل ہیں،ہسپتال میںپیدا ہونیوالے ہر بچے کو گھٹی میں پولیو سے بچائو کی ویکسئین یقینی بنائی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کارڈیالوجی وارڈ کے قیام کیلئے ممتاز سماجی شخصیت امتیاز کوثر گجرات کی سماجی شخصیات اور مخیر حضرات سے رابطہ کا فریضہ سرانجام دیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ انکی مکمل سپورٹ کرے گا۔انہوںنے پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج کو ہدایت کی کہ کنسلٹنٹس کو بھی صبح ، شام اور رات کے رائونڈ کرنیوالی ٹیم کیساتھ منسلک کر دیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں سکیورٹی کا نظام ،کینٹین، لانڈری اور صفائی کیلئے انتظامی اجلاسوں میں فیصلہ کے مطابق عمل کرکے بہتر بنایا جائے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کوشش کریں کہ ہسپتال میں دستیاب اوویات ہی مریضوں کو تجویز کی جائیں، غیر ضروری ٹیسٹوں سے گریز کیا جائے ، ایمرجنسی ، ان ڈور میں مریضوں کیلئے ٹیسٹ ، اوویات فری ہیں تاہم او پی ڈی مریضوں کیلئے ٹیسٹوں کے ریٹس واضع طور پر نمایاں جگہ لکھے جائیں، شہریوں کے تحفظات کے پیش نظر انسنریٹر انتظامیہ سے کہا جائے کہ وہ چمنی کی اونچائی میں اضافہ کریں۔