Live Updates

سب کچھ ٹھیک چھوڑ کر گئے، نواز شریف

ہم اپنے دور کے ذمہ دار ہیں بہت احسن طریقے سے کام کیا ہے، سابق وزیراعظم

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 4 جون 2018 10:32

سب کچھ ٹھیک چھوڑ کر گئے، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جون۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سب کچھ ٹھیک چھوڑ کر گئے، ہم اپنے دور کے ذمہ دار ہیں بہت احسن طریقے سے کام کیا ہے۔احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ 'میں صرف یہ کہتا ہوں جب تک ہماری حکومت تھی تو سب ٹھیک تھا، آخری دنوں میں شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے بہت سے منصوبوں کے افتتاح کیے۔

عمران خان نے کچھ نہیں کیا۔صحافی نے سوال کیا کہ کل سے بجلی بہت جا رہی ہے جس کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں 39 میگا منصوبے شروع کئے، نیلم، جہلم اور تربیلا 4 کو مکمل کیا، گوادر کوئٹہ سڑک بنائی، برہان سے ڈی آئی خان تک سڑک زیر تعمیر ہے، یونیورسٹیاں اور اسپتال الگ ہیں، کیا یہ کام کسی ماضی کی حکومت نے کیے اور کیا کسی نے موٹر ویز بنائی، کون تھا جو ملک کو اندھیروں میں ڈبو گیا اور کون تھا جو روشنیاں واپس لایا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواہش تھی کہ وزیراعظم لاہور، ملتان اور سکھر موٹر وے کا افتتاح کرتے مگر بنانے والوں نے تاخیر کردی، یہ منصوبے مئی 2018 میں مکمل ہونا تھے، میں ہوتا تو شاید تاخیر نہ ہوتی۔نواز شریف نے کہا کہ حیدرآباد کراچی موٹروے بن چکی ہے، کچھی کینال کا تاریخی منصوبہ مکمل کیا، لواری ٹنل دیکھ لیں جس کی وجہ سے چار گھنٹے سفر کم ہوا ہے، لواری ٹنل پہلے سال میں 6 ماہ بند رہتی تھی اور اب سارا سال کھلی رہتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے کہا کہ ہم تو نیب کورٹ میں پھنسے ہیں ورنہ آپ کو لے کر جاتا لواری ٹنل کی سیر کراتا۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ آپ انہیں جلسے میں لے جائیں جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ اتنے ہیلی کاپٹر کہاں سے لے کر آئوں۔نواز شریف نے کہا کہ چترال والے پہلے آہی نہیں سکتے تھے لیکن اب وہاں بجلی بھی آگئی اور پاور پلانٹ بھی لگ گیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات