ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ ٹرافی 2018ء، اے او کلینک نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی

پیر 4 جون 2018 17:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کراچی پر جاری 23 ویں ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ ٹرافی 2018ء کے پہلے میچ میں اے او کلینک نے گوپیٹرولیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیکر کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ خیبرزلمی نے مجاہد جیم خانہ لاہور کو 62رنز سے زیر کیا اور انہوں نے بھی کوراٹرفائنل کھیلنے کا اغراز حاصل کر لیا۔

پہلے میچ کی خاص بات اے اوکلینک کے اوپنر شہباز جاوید کی شاندار نصف سنچری تھی جبکہ لیفٹ آرم اسپنر حیدر علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 شکارکئے۔ دوسرے میچ میں خیبرزلمی کے بلے بازآصف سواتی اور دائود خان نے شاندار بیٹنگ کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کی برقی روشنیوں میں کھیلے گئے پہلے میچ میں گوپیٹرولیم لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں صرف 127رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

عمران بشیر 38اور حسنین 21رنز کے ساتھ نمایان رہے۔ اسپینر حیدر علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 30رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں ۔ شہروز نے 20رنز دیکر 2کھلاڑیوں کو رخصت کیا۔ جوابی بیٹنگ میں اے او کلینک نے مطلوبہ اسکور صرف 11اوورز میں 2وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔شہباز جاوید نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 80رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

اسکے علاوہ ذاکر ملک نے 3چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 28رنز بنائے۔ عمران بشیر اور ہاروں نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے میچ میں خیبرزلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 166رنز بنائے۔ آصف سواتی نے 44 گیندیں کھیل کر 61 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جسمیں 4چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔دائود خان نے بھی ان کا بھر پور ساتھ دیا اور 40گیندوں پر 2چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 46رنز بنائے۔

صفیح اللہ خان نے 15 رنز کا اضافی کیا۔ راشد شہزاد نے 28 رنز کے عوض 3، فیضان اعوان نے 28رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں مجاہد جیم خانہ 16.1اوورز میں 104رنز بناکر آئوٹ ہوگی۔ علی رضا 30، محسن ندیم 26 رنز کے ساتھ نمایاں اسکور رہے۔ فواد خان نے 17 رنز دیکر 3، ارشد وزیر نے 30 رنز کے عوض ، عرفان خان اور محمد ندیم نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔