کوئٹہ،آل پاکستان وپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کا کیسکو ملازمین کو بونس دینے پر اظہار تشکر

پیر 4 جون 2018 22:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) آل پاکستان وپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) کے مرکزی جوائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی،صوبائی چیف آرگنائزر سید محمد لہڑی،ڈپٹی چیئرمین غلام رسول، سیکریٹری عبدالحئی،وائس چیئرمین عبدالباقی لہڑی،جوائنٹ سیکریٹری محمد یار علیزئی،فنانس سیکریٹری ملک محمد آصف اورسیکریٹری نشرواشاعت سید آغا محمد نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو اور کیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے سی بی اے یونین کی درخواست پر واپڈا، پیپکو، فیسکو، سیبکو اور دیگر کمپنیوں کی طرح ایک ماہ کے بونس کی منظوری دینے پر کیسکو انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کیسکو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کیسکو بلوچستان میں کام کرنے والے ملازمین کی جانی قربانیوں اور ان کی کام میں دلچسپی کا احترام کیا ہے اور انہوں نے اپنے صوبے اور پسماندہ کمپنی کے ملازمین کے ساتھ سالہا سال سے ہونے والی زیادتیوں کا احساس کیا ہے جو قابل ستائش اقدام ہے۔

(جاری ہے)

یونین رہنمائوں نے یقین دلایا کہ کیسکو کے افسران اور مزدورمل کر محنت وایمانداری سے صارفین کو شب وروز بہترین سروسز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کیسکو کے ریکوری اہداف حاصل کرنے اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کیسکو انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز سے کہا کہ وہ سی بی اے یونین کی طرف سے پیش کیے جانے والے ایجنڈے پر جوائنٹ ورک کونسل میٹنگ کا بھی جلد سے جلد اہتمام کریں تاکہ مزدوروں کے مسائل حل ہونے کے بعد وہ مطمئن حالات میں دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ماہِ جون میں بھرپور محنت و ایمانداری سے کام کرتے ہوئے ریکوری اہداف حاصل کریں۔