عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے آن لائن سکروٹنی سیل قائم

پیر 4 جون 2018 23:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے آن لائن سکروٹنی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں 849 ریٹرننگ آفیسران کو اس سلسلہ میں پرفارما اور ایس او پی بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر تمام قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواروں کے کوائف الیکشن کمیشن کے آن لائن سکروٹنی سیل کو روزانہ کی بنیاد پر بذریعہ ای میل بھجوائیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس سکروٹنی سیل کے لئے خصوصی سافٹ ویئر تیار کرکے اس کے تمام کمپیوٹرز میں فیڈ کردیا گیا ہے۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے نادرا ،ایف بی آر، نیب، سٹیٹ بینک آف پاکستان کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ سے ایک محفوظ نظام کے تحت منسلک کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آن لائن سکروٹنی سیل میں تمام امیدواروں کے کوائف کو سکروٹنی سافٹ ویئر میں فیڈ کیا جائے گا۔

نادرا ،ایف بی آر ، نیب اور سٹیٹ بینک تمام امیدواروں کے ضروری کوائف اور دیگر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ایک پرفارما کی صورت میں اس سکروٹنی سافٹ ویئر پر جاری کردیں گے ۔ الیکشن کمیشن میں قائم سکروٹنی سیل کی منتخب ٹیمیں تمام اداروں کی طرف سے دی گئی معلومات کو وصول کرنے کے بعد یہ معلومات متلعقہ ریٹرننگ افسران کو واپس بھیجیں گے۔ جانچ پڑتال کا یہ عمل شیڈول کے مطابق 14 جون تک جاری رہے گا۔