یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان

پیر 4 جون 2018 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے، امام بارگاہوں اور یوم علی پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر صفائی و ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ جلوسوں کے روٹس پر قائم رکاوٹوں کا خاتمہ ممکن بنانے کی ہدایت کی۔

وہ پیر کووزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری رضوان میمن، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری اعجاز خان، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر و ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 21 رمضان کو یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے یوم علی کے موقع پر مجالس کو بھرپور سیکیورٹی دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسی دوران لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر بھی سخت کاروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے جلوسوں کے راستوں بالخصوص ملیر، صدر، لیاری و دیگر علائقوں کی صفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام امام بارگاہوں و جلوسوں کے روٹس پر پانی باقائدہ مہیا کیا جائے۔

اجلاس میں ا?ئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوم علی سے متعلق علماء و دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرچکے ہیں،جلوسوں کے راستوں پر اسکیننگ کا کام شروع کردیا ہے اور جلوس کا پورا راستہ سیل ہوگا۔ مزید بتایا کہ جلوس کے راستوں پر 803 بلڈنگز ہیں جن کی پولیس اور رینجرز نگرانی کرے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کررہے ہیں، اور سی مناسبت سے منعقد ہونے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔#